news
English

ورلڈکپ میچ میں سجدہ کیوں نہیں کیا؟ شامی کا بیان سامنے آگیا

اگر عبادت کرنا چاہتا تو کون مجھے روک سکتا ہے، کرکٹر کا اینکر سے سوال

ورلڈکپ میچ میں سجدہ کیوں نہیں کیا؟ شامی کا بیان سامنے آگیا

آئی سی سی ورلڈکپ 2023 کے دوران سری لنکا کیخلاف میچ میں پانچ وکٹیں لینے کے بعد سجدہ کرنے سے رکنے پر بھارتی فاسٹ بولر محمد شامی کا بیان سامنے آگیا۔ 
بھارت میں کھیلے گئے ورلڈکپ 2023 میں ٹیم کیلئے سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے بولر محمد شامی نے سجدہ کرنے کے حوالے سے مختلف نوعیت کے دعوؤں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ اگر میں عبادت کرنا چاہتا تو کون مجھے روک سکتا تھا؟ 
مقامی ٹی وی چینل اسپورٹس تک کو دیئے گئے انٹرویو میں محمد شامی نے کہا کہ میں یہ فخر سے کہوں گا کہ میں بھارتی مسلمان ہوں اور اس کیا مسئلہ ہے؟ 
سجدہ نہ کرنے سے متعلق سوال پر شامی نے کہا کہ اگر مجھے عبادت کرنے کے لیے بھی کسی سے اجازت لینا پڑے تو میں اس ملک میں رہوں گا ہی کیوں؟ کیا میں نے اس سے پہلے کبھی 5 وکٹیں لینے کے بعد سجدہ کیا؟ متعدد بار 5 وکٹیں لی ہیں لیکن کب سجدہ کیا؟

سری لنکا کے خلاف میچ میں محمد شامی سجدہ کی حالت میں تقریباً جھک گئے تھے لیکن پھر رُک گئے جس پر بحث چھڑگئی تھی کہ انہیں ہندو انتہا پسندوں کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔  
محمد شامی نے اپنی گفتگو میں واضح کیا کہ وہ مسلسل بولنگ سے تھک گئے تھے جس کے باعث وکٹ لینے کے بعد گھٹنوں کے بل زمین پر بیٹھ گئے تھے۔ 
واضح رہے کہ محمد شامی نے ورلڈکپ 2023 میں سات میچز کھیل کر 24 وکٹیں حاصل کی تھیں جس کی بنا پر آئی سی سی کی بولرز کی رینکنگ میں انہیں پہلا نمبر دیاگیا تھا۔