news
English

ورلڈ ٹیسٹ چیمپئین شپ فائنل: وسیم اکرم نے بھارت کو خبردار کردیا

انگلینڈ کی کنڈیشنز میں بال 10 سے 15 اوورز تک سوئنگ کرے گا، سابق کپتان

ورلڈ ٹیسٹ چیمپئین شپ فائنل: وسیم اکرم نے بھارت کو خبردار کردیا

ورلڈکپ ٹیسٹ چیمپئین شپ کے فائنل سے قبل سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے بھارتی ٹیم کو خبردار کردیا۔

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے کرک انفو پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ آسٹریلیا کے ٹاپ آرڈر کے خلاف بھارتی پیسرز کو صبر سے کام لینا پڑے گا، دونوں ٹیمیں جانتی ہیں کہ انگلینڈ کی کنڈیشنز میں بال 10 سے 15 اوورز تک سوئنگ کرتا ہے۔

اگر بھارتی بالرز ابتدائی اوورز میں آسٹریلوی بلے بازوں کو رنز بنانے سے روکنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں تو پریشر ڈال سکتے ہیں لیکن فائنل میں آسٹریلیا کو بھارت کی ٹیم پر کنڈیشنز کی وجہ سے سبقت حاصل رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی ٹیم نے ٹیسٹ فارمیٹ میں ثابت کیا ہے کہ وہ اچھی سائیڈ ہے، مسلسل دوسری بار چیمپئین شپ کا فائنل کھیلنا آسان بات نہیں۔

واضح رہے کہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئین شپ کا فائنل کل سے انگلینڈ کے تاریخی اوول کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا، میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 3 بجے شروع ہوگا۔

 یہ پہلا موقع ہے جب آسٹریلیا اور بھارت کی ٹیسٹ ٹیمیں کسی نیوٹرل وینیو پر ایک دوسرے کے مدمقابل آرہی ہیں۔