news
English

ورلڈ کپ: افغانستان کیخلاف سری لنکا کی بیٹنگ جاری

سری لنکن ٹیم میں بلے باز دموتھ کرونا رتنے اور بولر دشمنتھا چمیرا شامل، افغان ٹیم نے اسپنر نور احمد کی جگہ فاسٹ بولر فضل الحق فاروقی کو شامل کیا ہے۔ 

ورلڈ کپ: افغانستان کیخلاف سری لنکا کی بیٹنگ جاری

ورلڈ کپ 2023 کے 30ویں میچ میں افغانستان کے خلاف سری لنکا کی بیٹنگ جاری ہے۔ 
سری لنکن ٹیم میں بلے باز دموتھ کرونا رتنے اور بولر دشمنتھا چمیرا کو شامل کیا گیا ہے جبکہ افغان ٹیم نے اسپنر نور احمد کی جگہ فاسٹ بولر فضل الحق فاروقی کو شامل کیا ہے۔ 
افغانستان ٹیم کے کپتان کے مطابق پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ اس لیے کیا کیونکہ شام میں اوس پڑنے کا امکان ہے۔ اس موقع پر سری لنکن کپتان کا کہنا تھا کہ وہ کسی بھی صورت میں پہلے بیٹنگ ہی کرنا چاہتے تھے کیونکہ پچ بلے بازی کے لیے اچھی لگ رہی ہے۔
دونوں ٹیموں نے اپنے گزشتہ میچز میں ہائی رینکڈ حریفوں کو زیرکرکے سیمی فائنل میں رسائی کا امکان روشن رکھا ہے لہذا پونے میں ہونے والا آج کا باہمی مقابلہ بھی دونوں کے لیے یکساں اہمیت کا حامل ہے۔ 
دونوں ٹیموں کو اپنے چار اختتامی گروپ میچز میں سے 3 فتوحات درکار ہوں گی، تاہم باہمی مقابلے کے بعد افغانستان کوآسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کا چیلنج درپیش ہوگا جبکہ سری لنکن ٹیم بھارت اور نیوزی لینڈ جیسے حریفوں کے مقابل آئے گی۔ سری لنکن اسپنرز کا اصل ٹاکر افغان سلو بولرز سے ہوگا، جس میں راشد خان جیسا معروف نام بھی شامل ہے، پاتھم نسانکا ابھر کر سامنے آئے ہیں۔ 
افغان ٹیم کو اس مقابلے سے قبل 6 دن کا آرام میسر آگیا ہے، ان کا پیس اٹیک نوین الحق اور فضل حق فاروقی پر ہی مشتمل ہوگا، اسپنرز میں محمد نبی، راشد خان اور مجیب الرحمان موجود رہیں گے، ٹاپ آرڈر میں رحمان اللہ گرباز اور ابراہیم زدران جبکہ کپتان حشمت اللہ شاہدی اور رحمت شاہ مڈل آرڈر میں ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ 
سری لنکا کو اس مقابلے سے قبل انگلش ٹیم کیخلاف فتح کے ہیرو لاہیرو کمارا کا ساتھ میسر نہیں ہوگا، ان کی جگہ دشمانتھا چمیرا کی واپسی ہوئی ہے، پونے میں حالیہ دنوں میں تمام ہائی اسکورنگ میچز ہوئے ہیں، اس وکٹ سے اسپنرز کو بھی مدد ملتی رہی ہے۔ 
دونوں ٹیموں کو اس کا فائدہ پہنچ سکتا ہے، شام میں اوس کا عنصر بھی اہم ہوگا۔ 
افغان کپتان حشمت اللہ شاہدی کو ون ڈے میں 2 ہزار رنز مکمل کرنے کے لیے 57 کی اننگز درکار ہے، اسی طرح سری لنکن بیٹر بھی ہزار ون ڈے رنز سے 90 رنز دور ہیں۔