news
English

ورلڈکپ: بنگلہ دیش نے سری لنکا کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی  

ورلڈ کپ کی دوڑ سے باہر ہونے والی بنگلہ دیشی ٹیم کے لیے اس میچ کے نتائج بہت اہم ہیں۔

ورلڈکپ: بنگلہ دیش نے سری لنکا کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی  

بھارت میں جاری دنیائے کرکٹ کے سب سے بڑے ایونٹ ورلڈ کپ 2023 کے 38ویں میچ میں بنگلہ دیش نے دلچسپ مقابلے کے بعد سری لنکا کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔ 
دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش نے 280 رنز کا ہدف 42 ویں اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔ 
بنگلہ دیش کی جانب سے نجم الحسن شانتو 90 جبکہ کپتان شکیب الحسن 82 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ اوپنر لٹن داس 23، تنزید حسن 1، محمود اللہ 22، مشفیق الرحمان 10  اور مہدی حسن میراز 3 رنز بنا کر پویلین لوٹے جبکہ توحید ہردوئے اور تنظیم حسن ثاقب ناٹ آئوٹ رہے۔ 
سری لنکا کی جانب سے مدھوشنکا نے 3 جبکہ اینجلو میتھیوز اورمہیش ٹھیکشانا نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ 
اس سے قبل بنگلہ دیش کی دعوت پر سری لنکن ٹیم نے بیٹنگ شروع کی تو پہلی وکٹ 5 کے مجموعی اسکور پر گرگئی، اوپنر کشال پریرا 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد دوسری وکٹ کی شراکت میں 61 رنز بنائے گئے لیکن 11ویں میں کپتان کشال مینڈس 19 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ 
تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی اوپنر پاتھم نسانکا تھے جنہوں نے 41 رنز کی اننگز کھیلی۔ چوتھی وکٹ کی شراکت میں 63 رنز بنے لیکن یہاں سدیرا سمارا وکراما 41 رنز پر وکٹ کھو بیٹھے۔ اینجلو میتھیوز ’’ٹائم آؤٹ‘‘ کا شکار ہوئے۔ سری لنکا کی جانب سے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 78 رنز جوڑے گئے، یہاں دنن جیا ڈی سلوا 34 رنز بنا کر اسٹمپ آؤٹ ہوگئے۔ مہیش تھیکسانا 22 رنز بنا کر پویلین لوٹے جبکہ چریت اسلانکا 108 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔  
بنگلہ دیش نے ٹیم میں مستفیض الرحمان کی جگہ تنزید تمیم کو شامل کیا ہے جبکہ سری لنکن ٹیم میں دیموتھ کرونارتنے اور ہمانتا کی جگہ کشال پریرا اور دنن جیا ڈی سلوا کو شامل کیا گیا۔ 
چیمپیئنز ٹرافی 2025 میں کوالیفائی کرنے کے لیے سری لنکا اور بنگلہ دیش کے لیے اس میچ کے نتائج بہت اہم ہیں۔