news
English

ورلڈکپ2023: بھارت نے سری لنکا کوجیت کےلیے358 رنز کا ہدف دے دیا

دونوں ٹیمیں ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں مدمقابل ہیں۔

ورلڈکپ2023: بھارت نے سری لنکا کوجیت کےلیے358 رنز کا ہدف دے دیا

آئی سی سی ورلڈکپ 2023 کے 33 ویں میچ میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں سری لنکا کے خلاف 8 وکٹوں کے نقصان پر 357 رنز بنالیے۔ 
ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس اہم میچ میں بھارتی ٹیم کے اوپنر روہت شرما ٹیم کو اچھا آغاز دینے میں ناکام رہے اور محض 4 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ شبھمن گل اور ویرات کوہلی نے 189 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تاہم گل 92 اور کوہلی 88 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ دیگر کھلاڑیوں میں کے ایل راہول 21اور سوریا کمار یادیو 12 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، رویندر جدیجا نے 35 اور جسپریت بمراہ نے ایک رن بنایا۔ 
سری لنکا کی جانب سے دلشان مدھوشانکا نے 80 رنز دیکر 5 وکٹیں حاصل کیں جبکہ دشمنتھا چمیرا نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل سری لنکا کے کپتان کوشل مینڈس نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ کوشش کریں گے کہ بھارت کو بڑا اسکور بنانے سے روک سکیں، میچ میں کامیابی سمیٹ کر سیمی فائنل کھیلنے کی امیدوں کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔
سری لنکن کپتان نے کہا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے دھننجایا ڈی سلوا کی جگہ دشن ہیمنتھا پلئینگ الیون کا حصہ ہیں۔ 
اس موقع پر بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما نے کہا کہ میچ میں کامیابی سمیٹ کر جیت کے تسلسل کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔

بھارت کا اسکواڈ: 
کپتان روہت شرما، شبمن گل، ویرات کوہلی، شریاس ایر، کے ایل راہول، رویندرا جڈیجا، شاردول ٹھاکر، جسپریت بمراہ، کلدیپ یادیو اور محمد سراج۔

سری لنکا کا اسکواڈ: 
کپتان کوشل مینڈس، ڈیموتھ کرونارتنے، پاتھم نسانکا، سدیرا سمارا وکرما، چارتھ اسالنکا، دشن ہیمنتھا، اینجلو میتھیوز، مہیش تھیکشنا، کسن راجیتھا، دشمنتھا چمیرا اور دلشان مدھوشانکا۔