news
English

ورلڈ کپ: جنوبی افریقہ کی بنگلہ دیش کو 149 رنز سے شکست

بنگلہ دیش کو شکست دینے کے بعد جنوبی افریقہ پوائنٹس ٹیبل پر 8 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے سے دوسرے نمبر پر آگیا۔

ورلڈ کپ: جنوبی افریقہ کی بنگلہ دیش کو 149 رنز سے شکست

آئی سی سی ورلڈکپ 2023 کے 23 ویں میچ میں جنوبی افریقہ نے بنگلہ دیش کو 149 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے دی۔ 
ممبئی کے وانکھیڈے کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ کے 383 رنز کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی ٹیم 46.4 اوورز میں 233 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ محمود اللہ 111 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ 
15 چوکوں اور سات چھکوں کی مدد سے 140 گیندوں پر 174 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے والے جنوبی افریقہ کے بیٹر کوئنٹن ڈی کوک مین آف دی میچ قرار پائے۔
بنگلہ دیش کو شکست دینے کے بعد جنوبی افریقہ پوائنٹس ٹیبل پر 8 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے سے دوسرے نمبر پر آگیا جبکہ نیوزی لینڈ دوسرے سے تیسرے اور بنگلہ دیش دسویں نمبر پر چلا گیا ہے۔ 
بنگلہ دیش کی اننگز: 

ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی اننگز کا آغاز تنزید حسن اور لٹن داس نے کیا تاہم تنزید حسن 12 اور لٹن داس 22 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ 
نجم الحسن شانتو صفر، کپتان شکیب الحسن 1 اور مشفق الرحیم 8 رنز بناکر چلتے بنے۔
 مہدی حسن میراز 11، نسیم احمد 19، حسن محمود 15، مستفیض الرحمان 11 رنز بناسکے جبکہ شریف الاسلام 6 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ محمود اللہ 111 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ 
جنوبی افریقہ کی طرف سے جیرالڈ کوئٹزی نے 3، مارکو جانسن، لیزاڈ ولیمز اور کاگیسو رباڈا نے 2،2 جبکہ کیشو مہاراج نے ایک وکٹ حاصل کی۔ 
جنوبی افریقہ کی اننگز:
جنوبی افریقہ نے بنگلہ دیش کے خلاف 5 وکٹوں کے نقصان پر 382 رنز بنائے اور تمام اوورز کھیلے تاہم جنوبی افریقی اوپنرز ایک بار پھر ناکام ثابت ہوئے، راسی وین ڈیر ڈوسن 12 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے جبکہ ریزا ہینڈرکس ایک رن کے مہمان ثابت ہوئے، کپتان ایڈن مارکرم نے 60 رنز بنائے۔ چوتھی وکٹ کی شراکت میں کوئنٹن ڈی کوک اور ہینرک کلاسن نے 264 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تاہم ڈی کوک ڈبل سنچری اسکور کرنے سے قاصر رہے۔ انہوں نے 140 گیندوں پر 7 چھکوں اور 15 چوکوں کی مدد سے 174 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ ہینرک کلاسن نے 90 رنز بنائے جبکہ ڈیوڈ ملر 34 اور مارکو جینسن ایک رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ 
بنگلہ دیش کی جانب سے حسن محمود نے 2 جبکہ مہدی حسن، شرف الاسلام اور شکیب الحسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ 
قبل ازیں جنوبی افریقی ٹیم کے کپتان ایڈن مارکرم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ کوشش ہوگی میچ میں کامیابی سمیٹ کر پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پوزیشن مستحکم کریں۔ 
انہوں نے کہا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے لونگی نگیڈی کو آرام کروایا گیا ہے جبکہ ان کی جگہ جانسن کو پلئینگ الیون میں جگہ دی گئی ہے۔ 
اس موقع پر بنگلہ دیشی ٹیم کے کپتان شکیب الحسن نے کہا کہ ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کرتے تاہم کوشش ہوگی کہ میچ میں فتح سمیٹیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے توحید ہردوئے کو آرام کروایا گیا ہے۔ 
بنگلہ دیش کا اسکواڈ: 

کپتان شکیب الحسن، نجم الحسن شنتو، لٹن داس، تنزید حسن، مہدی حسن میراز، مشفق الرحیم، محمود اللہ، نسیم احمد، حسن محمود، مستفیض الرحمان، شرف الاسلام۔

جنوبی افریقہ کا اسکواڈ: 
کپتان ایڈن مارکرم، ریزا ہینڈرکس، کوئنٹن ڈی کوک، راسی وین ڈیر ڈوسن، ہینرک کلاسن، ڈیوڈ ملر، مارکو جانسن، کاگیسو ربادا، کیشو مہاراج، جیرالڈ کوٹزی۔