یاسر شاہ ایڈیشن 19-2017 تک لاہور قلندرز کی نمائندگی کرچکے ہیں
تجربہ کار لیگ اسپنر یاسر شاہ پی ایس ایل کی ٹیم پشاور زلمی کا حصہ بن گئے جنہیں نوجوان اسپنر محمد محسن کی جگہ اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔
ایکسپریس کے مطابق ان فٹ ہونے کے باعث محمد محسن ایک ہفتے کے لیے پی ایس ایل سے باہر ہوگئے ہیں۔ لیگ اسپنر محمد محسن لاہور قلندرز کے خلاف میچ میں زخمی ہوگئے تھے۔ میچ میں فیلڈنگ کے دوران لیگ اسپنر کے بائیں ہاتھ کی دو انگلیوں کے درمیان چوٹ لگ گئی تھی۔ متبادل کھلاڑی کی حیثیت سے یاسر شاہ کے نام کی منظوری ایونٹ کی ٹیکنیکل کمیٹی نے دی۔
کمیٹی میں پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر وسیم خان، بازید خان، مرینہ اقبال، سمیر کھوسہ اور ڈاکٹر سہیل سلیم شامل ہیں۔ لیگ کے پانچویں ایڈیشن کے 2 میچز کھیلنے والے محمد محسن کو پشاور زلمی نے سلور کٹیگری میں منتخب کیا تھا۔
دوسری جانب یاسر شاہ ایڈیشن 19-2017 تک لاہور قلندرز کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ وہ اب تک 23 پی ایس ایل میچوں میں 23 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔