news
English

یاسر شاہ نے شین وارن کی بال آف سنچری کی یاد تازہ کردی

لاہور: پاکستانی لیگ اسپنر یاسر شاہ نے شین وارن کی بال آف سنچری کی یاد تازہ کردی۔

یاسر شاہ نے شین وارن کی بال آف سنچری کی یاد تازہ کردی

گال ٹیسٹ میں کم بیک کرنے والے لیگ اسپنر نے پچ کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے کئی گھومتی ہوئی گیندیں کرائیں، پاکستانی بولرز کے سامنے دیوار بنے رہنے والے کوشل مینڈس کو یاسر شاہ کی ایک گیند لیگ سے باہر پڑنے کے بعد اتنی اسپن ہوئی کہ آف اسٹمپ اڑاگئی،ماہرین کرکٹ کا کہنا ہے کہ دنیا کا کوئی بھی بیٹر ہوتا شاید اس بال کو سمجھنے میں ناکام رہتا۔

کوشل مینڈس نے کرکٹ کی کتاب کے مطابق تکنیکی طور پر گیند کو کھیلنے میں کوئی غلطی نہیں کی مگر ٹرن نے لاجواب کردیا،مبصرین اس گیند کا موازنہ شین وارن کی بال آف سنچری سے کرتے رہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو پر بھی صارفین نے دلچسپ تبصرے کرتے ہوئے یاسر شاہ کی صلاحیتوں کو سراہا۔

یاد رہے کہ 4جون 1993کو شین وارن نے مائیک گیٹنگ کو جس گیند پر آئوٹ کیا اسے ’’بال آف سنچری‘‘ قرار دیا گیا تھا۔