یاسر شاہ اسٹریلیا میں 200 سے زائد رنز دو دفعہ دینے والے پہلے بالر بن گئے
یاسر شاہ کرکٹ کی تاریخ میں دو بار اسٹریلیا میں 200 سے زائد رنز دینے والے پہلے بالر بن گئے
پاکستانی لیگ اسپنر نے برسبین میں جاری ٹیسٹ میں 48.2 اوورز میں 205 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔
تفصیلات کے مطابق برسبین میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان جاری ٹیسٹ میچ میں یاسر شاہ نے 48.2 اوورز کرائے اور 205 رنز دیئے جبکہ انہوں نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے پہلے 2016 میں بھی یاسر شاہ نے میلبورن میں کھیلے گئے ٹیسٹ میں 41 اوورز میں 207 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
جس کے بعد یاسر شاہ دنیائے کرکٹ کی تاریخ میں دو بار اسٹریلیا میں 200 سے زائد رنز دینے والے پہلے بالر بن گئے ہیں۔ اگرچہ یہ ایک ان چاہا ریکارڈ ہے تاہم پاکستانی بالر نے یہ ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
دوسری جانب سری لنکا کے لیجینڈری بالر مرلی دھرن نے آسٹریلیا میں کھیلتے ہوئے 200 سے زائد رنز دیئے تھے۔ آسٹریلیا کے فاسٹ بالر بریٹ لی نے بھی 2004 میں سڈنی میں بھارت کے خلاف کھیلتے ہوئے 39.3 اوورز میں 201 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان برسبین میں جاری ٹیسٹ میچ میں آسٹریلوی ٹیم نے 580 رنز اسکور کیے ہیں، اسے 340 رنز کی لیڈ حاصل ہے۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 240 رنز اسکور کیے تھے۔