news
English

بابر کے خلاف بیان پر یاسر شاہ نے عامر کو آئینہ دکھا دیا

  کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز لیگ اسپنر یاسر شاہ نے بابر اعظم کے خلاف بیان بازی پر محمد عامر کو آئینہ دکھا دیا۔

بابر کے خلاف بیان پر یاسر شاہ نے عامر کو آئینہ دکھا دیا

پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں ایڈیشن کا آغاز 13 فروری کو ہوچکا ہے جس میں اب تک انتہائی سنسنی خیز مقابلے بھی دیکھنے میں آئے ہیں، افتتاحی میچ میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو ایک رن سے مات دی جبکہ دوسرے میچ میں پشاور زلمی کو کراچی کنگز کے خلاف 2 رنز سے فتح نصیب ہوئی۔

زلمی اور پشاور کے درمیان کھیلا گیا یہ میچ 2 حوالوں سے خصوصی اہمیت کا حامل رہا، جس میں سے ایک کراچی کنگز سے علیحدگی کے بعد بابر اعظم کی پشاور زلمی میں شمولیت تھی جبکہ دوسری وجہ بابر کے خلاف محمد عامر کا متنازع بیان جو انہوں نے ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو کے دوران دیا تھا۔ محمد عامر کا کہنا تھا کہ بابر اعظم اور کسی ٹیل اینڈر بیٹر کو بالنگ کرانے میں کوئی فرق نہیں۔

زلمی کے خلاف عامر کے اس بیان نے ہنگامہ برپا کردیا تھا، محمد عامر کا کہنا تھا کہ اس طرح کے مقابلے اور کھلاڑیوں کے مابین پنجہ آزمائی سے کھلاڑیوں میں حوصلہ پیدا ہوتا ہے۔ ذاتی طور پر اس طرح کے چیلنجز کو اس لیے پسند کرتا ہوں کیوں کہ اس سے کھیل پر میرا فوکس بڑھتا ہے، میرا کام وکٹیں لینا اور اپنی ٹیم کو فتوحات سے ہمکنار کرانا ہے، تو اس لیے بابر یا پھر کسی بھی 10 ویں نمبر کے بیٹر کو بالنگ میرے لیے ایک جیسا کام ہے۔

قومی ٹیم کے مایہ ناز لیگ اسپنر یاسر شاہ نے اس بیان پر عامر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اگر چہ بابر اعظم ایک ورلڈ کلاس بیٹر ہیں تاہم اس سے کسی بھی کھلاڑی کے اعتماد کو ٹھیس پہنچ سکتی ہے۔ انہوں نے یاد دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ہر کھلاڑی کا ایک برا دن ضرور ہوتا ہے اور یہ کھیل کا حصہ بھی ہے، بلا شبہ بابر ایک ورلڈ کلاس بیٹر ہیں اورتینوں فارمیٹس میں اپنی کارکردگی ثابت کرچکے ہیں۔

تاہم بلے باز کو پویلین کی راہ دکھانے کے لئے بالر کو صرف ایک اچھی گیند پھینکنے کی ضرورت ہوتی ہے، انہوں نے کہا کہ اس طرح کے بیانات میچ سے قبل کسی بھی صورت بہتر نہیں، عامر کو خود پر بھروسہ ہے تاہم اسے اس بات کا احساس کرنا چاہیے کہ بالر کا بھی برا دن ہوتا ہے۔

یاسر کے بقول عامر نے بنگلہ دیش پریمئر لیگ میں اچھی کارکردگی پیش کی ہے لیکن یہ میچ ان کے لئے اچھا ثابت نہیں ہوا۔ پشاور زلمی کے خلاف میچ کی رات عامر کے لئے ناقابل فراموش قرار دی جارہی ہے کیوں کہ وہ 42 رنز دینے کے باوجود کوئی بھی وکٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔