news

’یہ بابراعظم پر ذاتی حملہ ہے‘ پی ایس ایل9 کے ترانے پرمداح کاردعمل   

پی ایس ایل 9 کے ترانے میں گلوکار علی ظفر اور آئمہ بیگ نے اپنی آواز کا جادو جگایا ہے۔

’یہ بابراعظم پر ذاتی حملہ ہے‘ پی ایس ایل9 کے ترانے پرمداح کاردعمل   

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 9 کے ترانے پر مداحوں کا ردعمل بھی سامنے آگیا۔ 
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پی ایس ایل کے نویں ایڈیشن کا آفیشل اینتھم ’کُھل کے کھیل‘ اپنے یوٹیوب چینل پر جاری کردیا ہے جس میں پاکستان کے صفِ اول کے گلوکار علی ظفر اور آئمہ بیگ نے اپنی آوازوں کا جادو جگایا ہے۔ 
مداحوں نے پاکستان سپر لیگ کا آفیشل ترانہ ریلیز ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر اپنی ملی جلی آراء کا اظہار کیا ہے۔ 
بیشتر صارفین نے پی ایس ایل کے نئے ترانے پر پسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے اس کی تعریفیں کی جبکہ کچھ صارفین نے تنقید کا نشانہ بھی بنایا ہے۔ 
ایک صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’لگتا ہے اس سال ہم پی ایس ایل ترانے پر ٹرولنگ کرنے سے محروم رہیں گے‘۔ 
ایک اور صارف نے اپنے تبصرے میں کہا کہ ’علی ظفر نے ایک بار پھر ثابت کردیا کہ کوئی ان کو مات نہیں دے سکتا‘۔ 
ایک صارف کا کہنا تھا کہ ’ترانے کے الفاظ ’کھل کے کھیل پیارے کب تک تُو ڈرے گا‘ بابر اعظم پر ذاتی حملہ ہے‘۔ 
ترانے سے ناخوش ایک صارف نے کمنٹس سیکشن میں لکھا: ’لوٹ آؤ نصیبو لال‘۔