news
English

فخرزمان، بابراعظم اورمحمد رضوان طویل عرصہ پرفارم کرنے کیلیے تیارہیں، یونس خان

نوجوان پلیئرز اپنی غلطیوں سے سبق سیکھیں گے، یونس خان

فخرزمان، بابراعظم اورمحمد رضوان طویل عرصہ پرفارم کرنے کیلیے تیارہیں، یونس خان فوٹو: پی سی بی

قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ یونس خان کا کہنا ہے کہ نوجوان ٹیم کے ساتھ جنوبی افریقا کے خلاف سیریز جیتی ہے،  کئی مثبت پہلو  ہیں، سیکھنے کا موقع ملا، مسائل سامنے بھی آئے جن کا حل  تلاش کرنا ہے۔

ورچوئل میڈیا کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ چند پلیئرز نے بڑی اننگز کھیلیں، فخرزمان اور بابر اعظم نے بڑے اسکور کیے شاٹ  سلیکشن بھی بہتر ہوئی، پلیئرز نے صورتحال کے مطابق کھیلنا سیکھا، فخر زمان، بابر اعظم اور محمد رضوان طویل عرصہ پرفارم کرنے کیلیے تیار ہیں، جیدرعلی نے پی ایس ایل میں لوئر آرڈر میں پرفارم کیا تھا اس لیے ان کو نچلے نمبروں پر کھلایا، آخری میچ میں فخر اور بابر کے آؤٹ ہونے پر سنگلز بنانا مشکل ہوگیا، اسی لیے کہتا  ہوں کہ کچھ پیچھے نہ چھوڑ کر جائیں، آخری میچ میں مطلوبہ اوسط کم ہونے کے باوجود وکٹیں گریں، ان مسائل کا حل تلاش کرنا ہے،  نوجوان پلیئرز اپنی غلطیوں سے سبق سیکھیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں ہر نئے پلیئر کو دو سے تین سیریز ملنا چاہیئں، پلیئرز کو خود چیلنج لینا پڑیں گے، ملک کیلیے پرفارم کرنا ہوگا۔