news
English

یونس خان شعیب اختر کی حمایت میں سامنے آگئے

پی سی بی کو شعیب اختر کے بیان کا دیانت داری سے جائزہ لینا چاہیے، یونس خان

یونس خان شعیب اختر کی حمایت میں سامنے آگئے فوٹو: اے ایف پی

قومی ٹیم کے سابق کپتان یونس خان نے شعیب اختر کے حق میں آواز بلند کر دی۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر یونس خان نے کہا کہ سپیڈ اسٹار شعیب اختر نے جو تلخ سچائی بیان کی ان کا نوٹس لیا جانا چاہیے، راولپنڈی ایکسپریس نے مناسب اور تلخ سچائی کا اظہار کیا ہے، پی سی بی کو شعیب اختر کے ریمارکس کا دیانت داری سے جائزہ لینا چاہیے کیوں کہ یہی پاکستان کرکٹ اور کھلاڑیوں کے لیے بہتر ہے، میں شعیب اختر کے ساتھ کھڑا ہوں۔

خیال رہے سابق پیسر نے اپنے یو ٹیوب چینل پر عمر اکمل کو 3 سال کی سزا  سخت قرار دیتے ہوئے پی سی بی کے قانونی مشیر تفضل رضوی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا، ان کا کہنا تھا کہ تفضل  تمام کھلاڑیوں کے کیس  خراب کرتے ہیں، وہ ماضی میں مجھ سے بھی کیس ہار چکے ہیں اور انہوں نے شاہد آفریدی اور یونس خان کے بھی معاملات بھی بگاڑے، پی سی بی کا لیگل ڈپارٹمنٹ نااہل ہے۔

جواب میں تفضل رضوی نے سابق فاسٹ بولر کیخلاف ایف آئی اے کے سائبر کرائم سرکل میں درخواست جمع کرائی اور ہتک عزت کا نوٹس بھجواتے ہوئے 10 کروڑ روپے ہرجانے کا دعویٰ بھی دائر کر دیا۔

پی سی بی نے بھی شعیب اختر کے بیان کو توہین آمیز قرار دیتے  ہوئے کہا کہ وہ بھی کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔