پاکستان نے بھارت کو جیت کے لیے 157 رنز کا ہدف دیا، جسے یوراج سنگھ اور ان کی ٹیم نے آخری اوور میں کامیابی سے پورا کرتے ہوئے ٹورنامنٹ کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔
پاکستان چیمپئن کے کپتان یونس خان نے ورلڈ چیمپیئنز آف لیجنڈز کے فائنل میں بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد اپنا ردِ عمل ظاہر کردیا۔
یونس خان نے گرائونڈ میں اپنے بیٹے کی سابق بھارتی آل راؤنڈر عرفان پٹھان سے ملاقات بھی کروائی۔
تفصیلات کے مطابق ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز 2024 کے فائنل میں بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد پاکستانی کرکٹر یونس خان نےاپنا پیغام جاری کردیا۔
انہوں نے اس خاص فائنل کی جھلکیاں ویڈیو کی صورت میں اپنے سوشل میڈیا اکائونٹ پر جاری کیں جس میں انہیں بھارتی کرکٹر سے گپ شپ کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
ویڈیو کے آخر میں یونس خان نے اپنے بیٹے کی سابق بھارتی آل راؤنڈر عرفان پٹھان سے ملاقات بھی کروائی۔ دونوں کرکٹرز خوشگوار ماحول میں گفتگو بھی کرتے نظر آتے ہیں، عرفان پٹھان نے پاکستان کی شکست پر اویس خان کو تسلی بھی دی۔
اس ویڈیو کے ساتھ کیپشن میں یونس خان نے لکھا کہ ‘کرکٹ احترام اور مثبت رویوں کی علامت ہے۔ پچھلی ڈھائی دہائیوں کے پرانے ساتھیوں اور دوستوں کے ساتھ دوبارہ کھیلنا واقعی ایک خاص لمحہ تھا۔،،
انہوں نے اپنی پوسٹ میں ہیش ٹیگ # CricketFamily #Sportsmanship کا بھی استعمال کیا۔
خیال رہے کہ ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کے فائنل میں انڈیا چیمپئنز نے پاکستان چیمپئنز کو 5 وکٹوں سے باآسانی شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
اسی ٹورنامنٹ میں سیمی فائنل سے قبل پاکستان چیمپئنز نے انڈین چیمپئنز کو 68 رنز سے شکست دی تھی تاہم گرین شرٹس فائنل جیت کر ٹائٹل اپنے نام نہ کرسکے۔