یوسف پٹھان کی ورلڈ کپ کی سیمی فائنلسٹ ٹیموں کی پیش گوئی، پاکستان سمیت 4 ٹیمیں شامل۔
بھارتی ٹیم کے سابق کرکٹر یوسف پٹھان نے ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے والی ممکنہ ٹیموں کی پیش گوئی کردی۔
دنیائے کرکٹ کے سب سے بڑے ایونٹ ورلڈ کپ کا آغاز 5 اکتوبر کو نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے میچ سے ہوگا جبکہ 6 اکتوبر کو نیدرلینڈز اور پاکستان کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔
ورلڈ کپ سے قبل سابق کرکٹرز اور کمنٹیٹرز کی جانب سے فائنلسٹ ٹیموں اور میگا ایونٹ میں پسندیدہ بیٹرز اور بولرز کے بارے میں پیش گوئیاں کی جارہی ہیں، اسی تناظر میں سابق بھارتی کرکٹر یوسف پٹھان نے بھی ورلڈ کپ کی سیمی فائنلسٹ ٹیموں کی پیش گوئی کی ہے جس میں پاکستان بھی شامل ہے۔
یوسف پٹھان کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ میں انگلینڈ، آسٹریلیا، بھارت اور پاکستان کی ٹیمیں سیمی فائنل کھیل سکتی ہیں۔
واضح رہے کہ یوسف پٹھان ٹی 20 ورلڈ کپ 2007 اور ون ڈے ورلڈ کپ 2011 میں بھارتی ٹیم کا حصہ تھے، اس سے قبل بھارتی ٹیم کے سابق پیسر عرفان پٹھان نے بھارت، جنوبی افریقہ، آسٹریلیا اور دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو اپنی فائنلسٹ ٹیموں میں شامل کیا تھا، تاہم انہوں نے پاکستانی ٹیم کو اپنی پسندیدہ ٹیموں میں جگہ نہیں دی تھی۔