پاکستان نے سپر اوور میں ہدف کا تعاقب کرنے کے لیے افتخار احمد اور فخر زمان کو بیٹنگ کے لیے بھیجنے کا انتخاب کیا مگر فخر زمان نے کسی گیند کا سامنا نہیں کیا۔
سابق بھارتی کرکٹر یوراج سنگھ ٹی 20 ورلڈ کپ میں امریکہ کے خلاف سپر اوور میں پاکستان کی حکمت عملی سے حیران رہ گئے۔
تفصیلات کے مطابق سابق ہندوستانی کرکٹر یوراج سنگھ نے جمعرات کےروز ڈیلاس کے گرینڈ پریری اسٹیڈیم میں ٹی 20 ورلڈ کپ کے اہم مقابلے میں امریکہ کے خلاف سپر اوور کے دوران پاکستان کی حکمت عملی پر اپنی حیرت اور الجھن کا اظہار کیا۔
دوسری اننگز میں پاکستان کی جانب سے دیا گیا ہدف برابر ہونے کے بعد، امریکہ نے سپر اوور میں 19 رنز کا ہدف دیا، محمد عامر نے بائیں ہاتھ کے بلے باز ہرمیت سنگھ کو تین وائیڈ گیندیں کرائیں۔
پاکستان نے سپر اوور میں ہدف کا تعاقب کرنے کے لیے افتخار احمد اور فخر زمان کو بھیجنے کا انتخاب کیا۔ تاہم، وہ صرف 13 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے اور گرین شرٹس میچ پانچ رنز سے ہار گئے۔
یوراج سنگھ نے پاکستان کے کپتان بابر اعظم کو ان کی حکمت عملی کے لیے تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ افتخار احمد کے بجائے فخر زمان کو سوربھ نیتراولکر کا سامنا کرنا چاہیے تھا۔
فخر زمان کو سپر اوور میں بیٹنگ کا موقع نہیں ملا، کیونکہ اوور کی تیسری گیند پر افتخار کے آؤٹ ہونے کے بعد شاداب خان نے بقیہ تین گیندوں کا سامنا کیا۔ یوراج سنگھ کا کہنا تھا کہ "مجھے سمجھ نہیں آرہی کہ فخر زمان نے بائیں ہاتھ کے سیمرز کے خلاف اسٹرائیک کیوں نہیں کیا، بائیں ہاتھ کے کھلاڑی کے لیے بولر کے بنائے ہوئے زاویے کو ہڑ کرنا آسان ہوتا ہے اس لیے فخرزمان کو اسٹرائیکنگ اینڈ پر ہونا چاہیے تھا۔
ورلڈ کپ میں آگے دیکھتے ہوئے، پاکستان اتوار کو نیویارک میں بھارت کا مقابلہ کرنے والا ہے۔ یوراج نے کہا کہ "پاکستان کو اب ہندوستان کے خلاف جیتنا ضروری ہے اور انہیں یقینی طور پر بہتر بیٹنگ اور فیلڈنگ کرنے کی ضرورت ہے، ورلڈ کپ میں بھارت کی مضبوط شروعات کے ساتھ، ہمیں ہرانا مشکل ہوگا"