news
English

یووراج سنگھ کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

کرکٹ نے مجھے لڑنا، گرنا، سنبھلنا اور آگے بڑھنا سکھایا ہے، بھارتی آل راؤنڈر

یووراج سنگھ کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان فوٹو: فائل

ممتاز بھارتی آل راؤنڈر یووراج سنگھ نے انٹرنیشنل کرکٹ کو خیر باد کہہ دیا۔

بھارت کے مایہ ناز آل راؤنڈر یووراج سنگھ نے پریس کانفرنس کے ذریعے اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ اب صرف آئی سی سی کی منظور شدہ ٹی ٹوئٹی لیگز میں ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

یووراج سنگھ نے کہا کہ 17 سال انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کے بعد میں نے آگے بڑھنے کا فیصلہ کرلیا ہے، انہوں نے اپنے اہل خانہ، ساتھی کھلاڑیوں، کوچنگ عملے اور ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا بھی کیا جنہیں وہ اپنے کیرئیر کے دوران مختلف مواقعوں پر ملے، وہ کینسر کے مریضوں کے حوالے سے اپنے کام پر توجہ مرکوز رکھیں گے۔

بھارتی آل راؤنڈر نے ورلڈکپ جیتنے سے متعلق اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 28 سال بعد رقم ہونے والی تاریخ کا حصہ بننے کے بعد مجھے اور کیا چاہئے جب کہ کرکٹ نے مجھے لڑنا، گرنا، سنبھلنا اور آگے بڑھنا سکھایا ہے۔

2011 کے عالمی کپ میں یوراج سنگھ کو ایونٹ کا بہترین کھلاڑی کے اعزاز سے نوازا گیا جب کہ انہیں ٹی ٹوئنٹی میں ایک اوور میں 6 چھکے مارنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

37 سالہ کرکٹر نے 40 ٹیسٹ، 304 ایک روزہ اور 58 ٹی ٹوئنٹی میچز میں بھارت کی نمائندگی کی۔ ٹیسٹ کیرئیر میں 3 سنچریوں اور 11 نصف سنچریوں کی بدولت 1900، 304 ایک روزہ میچز میں 14 سنچریوں اور 52 نصف سنچریوں کی مدد سے 8 ہزار 701 رنز بنائے جب کہ ٹی ٹوئنٹی میں 8 نصف سنچریوں سے ایک ہزار 177 رنز بنائے۔ یووراج سنگھ نے ون ڈے میں 111 وکٹیں بھی حاصل کی ہیں۔

واضح رہے یوراج کو بچپن میں کرکٹ نہیں بلکہ سکیٹنگ پسند تھی، وہ اپنی خودنوشت 'دی ٹیسٹ آف مائی لائف' میں لکھتے ہیں، 'میں جب 11 سال کا تھا تو میں نے ریاستی انڈر 14 اسپیڈ سکیٹنگ میں طلائی تمغہ حاصل کیا تھا۔ اس پر میرے والد بہت غصہ ہوئے۔ انھوں نے مجھ سے میڈل چھین کر دور پھینک دیا اور کہا کہ یہ لڑکیوں کا کھیل کھیلنا بند کرو، والد کی خواہش پر ہی انہوں نے کرکٹ شروع کی اور 400 میچز میں بھارت کی نمائندگی کی۔