news
English

ذکا اشرف سےملاقات، جےشاہ نے پاکستان میں ایشیاکپ دیکھنےکی دعوت قبول کرلی

پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ  ذکا اشرف اور بھارتی کرکٹ بورڈ  کے سیکریٹری جے شاہ کی ڈربن میں ملاقات ہوئی ہے جس میں دونوں نے مل بیٹھ کر معاملات حل کرنے پر اتفاق کرلیا۔

ذکا اشرف سےملاقات، جےشاہ نے پاکستان میں ایشیاکپ دیکھنےکی دعوت قبول کرلی

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک بھارت کرکٹ تعلقات میں جمی برف پگھلنا شروع ہوگئی ہے، ذکا اشرف اور جے شاہ کی ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین دو طرفہ کرکٹ تعلقات پر بات چیت ہوئی جس میں دونوں بورڈ عہدیداران نے کرکٹ روابط میں بہتری لانے پر اتفاق کیا ہے۔

ذرائع  کے مطابق یہ ملاقات جنوبی افریقا میں آئی سی سی کے سالانہ اجلاس کی سائیڈ لائن پر خوشگوار ماحول میں ہوئی، ملاقات میں ایشیا کپ کے ہائبرڈ ماڈل پر بات چیت کے علاوہ 5 اکتوبر سے شروع ہونے والے ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی شرکت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذکاء اشرف نے جے شاہ کو ایشیاء کپ دیکھنے کے لیے پاکستان آنے کی دعوت دی جو جے شاہ نے قبول کرلی۔ جواب میں جے شاہ نے زکاء اشرف کو بھارت آکر ورلڈ کپ دیکھنے کی دعوت دی جو ذکاء اشرف نے خوش دلی سے قبول کرلی۔

ذکا اشرف کا کہنا تھا کہ آپ ہماری مہمان نوازی سے متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکیں گے، پاکستانی عوام اپنے مہمانوں کی قدر کرنا جانتی ہے، ذکاء اشرف کا کہنا تھا کہ یہ ایک اچھی شروعات ہے، مستقبل میں مزید ملاقاتیں ہوں گی۔