چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف نے واضح کیا کہ کپتان کی تبدیلی ان کا انفرادی فیصلہ نہیں ہوتا بلکہ پوری ٹیکنیکل کمیٹی کی مشاورت اس میں شامل ہوتی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی انتظامی کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف نے کہا ہے کہ قومی ٹیم متحد ہے اور کھلاڑیوں میں کوئی اختلاف نہیں، منفی باتیں کرنے والے پاکستانی ٹیم کے دشمن ہیں۔،،
بہاولپور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ذکا اشرف نے کہا کہ ٹیم متحد ہے، فضول کہانیاں وہ لوگ پھیلا رہے ہیں جو ہماری کرکٹ ٹیم کے دشمن ہیں ایسے لوگ ہمارے ملک کے ہمدرد نہیں ہوسکتے۔،،
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ٹیم کی اندرونی کوئی کہانی نہیں ہے اور نہ ہی کھلاڑیوں کی کوئی لڑائی ہے، ٹیم متحد ہے، میں نے وہاں جا کر دیکھا ہے۔،،
انہوں نے کہا کہ ٹیم کے اندر کوئی اختلاف نہیں ہے، ہماری ٹیم اپنے ملک کے لیے کھیل رہی ہے، پاکستان کے لیے کھیل رہی ہے اور ہم سب کی دعائیں ٹیم کے ساتھ ہیں کہ اللہ ان کو کامیابی دلائے۔،،
پی سی بی کے چیئرمین کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ آئین اور قانون کے مطابق انتخابات بھی ہوں گے اور چیئرمین شپ کا مسئلہ بھی حل ہوجائے گا، اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ سب خوش اسلوبی سے چل رہا ہے۔،،
انہوں نے کہا کہ وہ لوگ جو چاہتے ہیں کچھ نہ کچھ ہو تو وہ جان بوجھ کر مصنوعی بحران پیدا کرتے ہیں، مجھے ان کی پروا نہیں ہے، میں نے کبھی ان کی طرف نہیں دیکھا، ہم اپنے ملک اور کرکٹ کے لیے اچھا کر رہے ہیں۔،،
نیوزی لینڈ سے کامیابی کے بعد ٹیم سے رابطے سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ میں نے بابراعظم کو بھی کال کی اور فخرزمان کو مبارک بھی دی اور بورڈ کی طرف سے 10 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسی طرح میں نے بابراعظم کو بھی مبارک باد دی ہے، جس طرح انہوں نے ٹیم میدان میں اتاری اور لڑ کر میچ جیتا، ان کو نیک خواہشات کے ساتھ کہا ہے کہ اسی جوش و جذبے کے ساتھ آگے جائیں اور پاکستان کے لیے اچھا نام اور اچھی خبر لے کر آئیں اور اس نے بھی کہا کہ ہماری پوری ٹیم محنت کرے گی۔،،
ذکا اشرف نے بورڈ اور ٹیم میں تبدیلیوں سے متعلق سوال پر کہا کہ ناقدین کے کہنے پر میں نہیں چلوں گا، اپنے دماغ اور دل سے چلنا ہے، کرکٹ بورڈ میں جو کرکٹرز ہیں ان کی مشاورت سے معاملات چل رہے ہیں، نیک نیتی سے چلنا ہے اور اس پر کسی کو شک نہیں ہونا چاہیے۔،،
انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے ملک کے لیے کام کرنا ہے، پاکستان کی عزت اور وقار کے ساتھ کسی کو کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے۔،،
میڈیا کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پوری دنیا کے کرکٹ بورڈ اپنے کھلاڑیوں کو بہت زیادہ پیسے دے رہے ہیں لیکن ہمارے کھلاڑیوں کو بہت کم پیسے مل رہے ہیں، اسی لیے ہم نے سوچا کہ اپنے کھلاڑیوں کو مناسب پیسے دیں اور ایسا نہ ہو کہ وہ لیگ کھیلنے جائیں اور قومی ٹورنامنٹ کے لیے کھلاڑی دستیاب نہ ہوں، اسی لیے ان کو اتنے پیسے دیے جائیں کہ وہ سینٹرل کنٹرکٹ پر دستخط کریں۔،،
ذکا اشرف کا کہنا تھا ہم نے سوچا ہے کہ کھلاڑیوں کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے علاوہ صرف ایک لیگ کھیلنے کی اجازت دیں گے، اس کے علاوہ اجازت نہیں ہوگی تاکہ کھلاڑیوں کی فٹنس برقرار رہے۔،،
انضمام الحق سے متعلق تنازع پر انہوں نے کہا کہ میڈیا پر اسٹوری لیک ہوئی تھی، جس کی وجہ سے ہم نے انہیں بلایا تھا لیکن انہوں نے پہلے ہی استعفیٰ دیا تو پھر ہم نے انکوائری کا حکم دیا، اب نتائج آئیں گے تو پھر دیکھیں گے آگے کیا کرنا ہے۔،،
بابراعظم کی وٹس ایپ چیٹ لیک ہونے پر سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ بابراعظم کے ساتھ وٹس ایپ پر میری کوئی چیٹ نہیں ہوئی اور نہ ہی بابراعظم نے مجھے فون کیا بلکہ میں نے ابھی دو دفعہ فون کیا اور ٹیم کی جیت پر مبارک باد دی ہے۔،،
انہوں نے کہا کہ بابراعظم کی بورڈ کے عہدیداروں کے ساتھ وٹس ایپ پر بات ہوئی تھی، جس کا انہوں نے جواب دیا، انہوں نے صرف یہ پوچھا کہ ایسا ہے تو انہوں نے کہا کہ میں نے کوئی کال نہیں کی۔،،
شاہد آفریدی کی ملاقات کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ ہم نے ان سے گراس روٹ لیول کرکٹ پر بات کی ہے، شاہد آفریدی کے ساتھ مل کر چلیں گے، بچوں کو کرکٹ کے لیے تیار کریں گے اور نیا ٹیلنٹ ڈھونڈیں گے۔،،
ورلڈ کپ میں شکست کی صورت میں کپتان کی تبدیلی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ میں انفرادی طور پر نہیں کروں گا، ٹیکنیکل کمیٹی موجود ہے، جس میں مصباح اور حفیظ ہیں، ان کی مشاورت سے آگے چلیں گے، یہ فیصلہ صرف چیئرمین کا نہیں ہے۔،،
ذکا اشرف کا کہنا تھا کہ بابراعظم ایک عظیم کھلاڑی اور قومی ٹیم کا کپتان ہے، ہماری دعائیں ہیں کہ اللہ تعالیٰ اسے اور پوری ٹیم کو کامیاب کرے اور وہ پاکستان کے لیے ٹرافی لے کر آئیں۔،،