news
English

پی ایس ایل 10 کے لیے پشاور کو وینیوز میں شامل کرنے کا مطالبہ

پشاور زلمی کے مالک کا دعویٰ ہے کہ چیئرمین پی سی بی پشاور میں پی ایس ایل 10 کے میچز کرانے کے حق میں ہیں۔

پی ایس ایل 10 کے لیے پشاور کو وینیوز میں شامل کرنے کا مطالبہ

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 10 ویں ایڈئیشن کے لیے پشاور زلمی کے مالک نے پشاور میں میچز کروانے کا مطالبہ کردیا، فرنچائز اونر جاوید آفریدی نے دعویٰ کیا ہے کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی پشاور میں پی ایس ایل 10 کے میچز کرانے کے حق میں ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے باضابطہ طور پر اپیل کی ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آئندہ سیزن 10 میں پشاور کو بھی میچز کے لیے وینیو کے طور پر شامل کرنے پر غور کیا جائے۔
پی سی بی حکام کو بھیجی گئی ای میل میں جاوید آفریدی نے پشاور میں شیڈول میچز کی عدم موجودگی پر حیرت کا اظہار کیا اور پشاور زلمی کے ہوم گراؤنڈ پر میچز کی میزبانی کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے پشاور اسٹیڈیم میں بقیہ 20 فیصد تعمیراتی کام مکمل کرنے کے لیے تعاون پر بھی زور دیا اور کہا کہ زلمی کی ٹیم اسٹیڈیم کی تیاری کے حوالے سے کوششوں کو مربوط کرنے کے لیے 13 مئی کو وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سے ملاقات کرنے والی ہے۔ 
جاوید آفریدی نے اپنی ای میل میں پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی سے درخواست کی کہ وہ ایک کمیٹی قائم کریں تاکہ پشاورمیں پی ایس ایل کے دسویں ایڈیشن میں میچوں کو یقینی بنایا جاسکے۔ 
جاوید آفریدی نے اپنے سوشل میڈیا اکائونٹ پر تفصیلات شیئر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کے پی اور چیئرمین پی سی بی کی جانب سے ملنے والی حمایت کے بارے میں اس امید کا ظہار کیا ہے کہ پی ایس ایل 10 کے میچز پشاور میں بھی ہوسکیں گے۔ 
جاوید آفریدی نے اپنے سوشل میڈیا اکائونٹ پر لکھا کہ ’وزیراعلیٰ کے پی کے ساتھ ایک نتیجہ خیز ملاقات ہوئی، انہوں نے محکمہ کھیل کو ارباب نیاز اسٹیڈیم پشاور میں بقیہ 20 فیصد کام کے لیے فنڈز جاری کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ چیئرمین پی سی بی بھی پشاور زلمی کے میچز پشاور میں کرانے کے حق میں ہیں۔ کچھ سنسنی خیز ایونٹس کے لیے تیار ہو جائیں، پی ایس ایل شائقین کے پی کے میں بین الاقوامی ستاروں کو دیکھیں گے، انشاءاللہ‘۔
واضح رہے کہ ہفتے کے روز لاہور میں ورکنگ گروپ میٹنگ کے دوران پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پی ایس ایل کے 10ویں ایڈیشن کے لیے تاریخیں تجویز کی تھیں جو انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے ساتھ اوورلیپ ہو گئیں جس کی وجہ سے متعدد فرنچائزز نے اعتراض کیا۔ میٹنگ میں سینئر پی سی بی حکام سمیت سی او او سلمان نصیر، ٹیموں کے مالکان اور دیگر حکام نے اپریل کے اوائل سے مئی کے وسط تک مجوزہ تاریخوں پر تبادلہ خیال کیا۔ تاہم کئی فرنچائزز مالکان نے اس مجوزہ شیڈول کے بارے میں خدشات کا اظہار کیا۔