news

زلمی سے شکست کے بعد کنگز کی پلے آف کھیلنے کی امیدوں کو بڑا دھچکا

پشاور زلمی سے شکست کے بعد کراچی کنگز کی ٹیم پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں ایڈیشن میں پلے آف مرحلے سے تقریباً باہر ہوچکی ہے البتہ امیدوں کو زندہ رکھنے کیلئے کنگز کو اپنے اگلے تینوں میچ جیتنا ہوں گے۔

زلمی سے شکست کے بعد کنگز کی پلے آف کھیلنے کی امیدوں کو بڑا دھچکا

گزشتہ روز راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 24 رنز سے شکست دی تھی اس میچ میں محمد عامر نے جارحانہ بالنگ کا مظاہرہ کیا لیکن دیگر بالرز کوئی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے جس کے باعث زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 197 رنز بنائے۔

ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی ٹیم وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتی رہی اور 20 اوورز میں 173 رنز بناسکی، کپتان عماد وسیم 57 جبکہ میتھیو ویڈ 53 رنز بناکر نمایاں رہے۔

کراچی کنگز کی ٹیم نے ٹورنامنٹ میں 7 میچز کھیلے ہیں جس میں محض دو فتوحات حاصل کرسکی ہے جبکہ 5 میچوں میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا ہے، پوائنٹس ٹیبل پر کنگز کی ٹیم پانچویں نمبر پر آگئی ہے۔

واضح رہے کہ کراچی کنگز کو پلے آف مرحلے تک رسائی کے لیے اپنے اگلے تین میچ جیتنے کے علاوہ دیگر ٹیموں کے نتائج کا بھی انتظار کرنا ہوگا۔