news
English

زمبابوے کے ہاتھوں قومی ٹیم کی شکست کو اپ سیٹ نہیں کہوں گا، شاہد آفریدی

شکست کے بعد جہاں سوشل میڈیا پر پاکستان ٹیم پر تنقید کی جارہی ہے وہیں قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی بھی اپنے ردعمل کا اظہار کررہے ہیں۔

زمبابوے کے ہاتھوں قومی ٹیم کی شکست کو اپ سیٹ نہیں کہوں گا، شاہد آفریدی

گذشتہ روز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں گروپ ٹو کے میچ میں زمبابوے نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک رنز سے شکست دے دی تھی

شکست کے بعد جہاں سوشل میڈیا پر پاکستان ٹیم پر تنقید کی جارہی ہے وہیں قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی بھی اپنے ردعمل کا اظہار کررہے ہیں۔

سابق کپتان شاہد آفریدی نے بھی ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے لکھا کہ 'زمبابوے کے ہاتھوں قومی ٹیم کی شکست کو اپ سیٹ نہیں کہوں گا'۔ 
 
انہوں نے کہا کہ اگر آپ میچ دیکھیں تو پہلی گیند سے زمبابوے نے شاندار کرکٹ کھیلی، اور دکھایا کہ بیٹنگ پچ پر کم رنز کے ہدف کا دفاع کیسے کرتے ہیں۔

پرتھ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی جانب سے بابراعظم اور محمد رضوان نے اوپننگ کی۔ بابراعظم نو گیندیں کھیلنے کے بعد محض چار رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوگئے پھر 23 کے مجموعی اسکور پر وکٹ کیپر محمد رضوان 14 رنز بنا کر پویلین لوٹے، بعد ازاں 36 رنز پر افتخار احمد کی اننگز اختتام پذیر ہوئی۔

پھر شان مسعود اور شاداب خان نے محتاط انداز سے بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور کو 88 تک پہنچایا تو شاداب 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، پھر حیدر علی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے اور شان مسعود 94 کے مجموعی اسکور پر 44 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹے، یوں پاکستان کو چھٹی وکٹ کے نقصان کا بھی سامنا کرنا پڑا۔

آخری اوور کی چوتھی بال پر جب پاکستان کو دو گیندوں پر تین رنز دکار تھے تو محمد نواز نے باؤنڈری لگانے کے چکر میں اونچا شاٹ کھیلا اور کیچ آئوٹ ہوگئے، وہ 22 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

آخری گیند پر پاکستان کو تین رنز درکار تھے تو شاہین آفریدی دوسرا رن لینے کی کوشش میں رن آؤٹ ہوگئے، یوں پاکستان کو سسنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک رن سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

واضح رہے کہ پاکستان کو مسلسل دوسرے میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، پہلے میچ میں بھارت نے 4 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

دو میچز میں عبرتناک شکست کے بعد قومی ٹیم کا سیمی فائنل میں پہنچے کا سفر بظاہر مشکلات سے دوچار ہوگیا ہے۔