news

ورلڈکپ کوالیفائر میں زمبابوے نے ویسٹ انڈیز کو شکست دے دی  

نیدرلینڈز کی نیپال سے7 وکٹوں کی جیت نے سپر سکسز میں جگہ کی ضمانت دے دی، زمبابوے اور دو بار کی چیمپئن ویسٹ انڈیز کی بھی اگلے راؤنڈ میں جگہ یقینی ہوگئی۔

ورلڈکپ کوالیفائر میں زمبابوے نے ویسٹ انڈیز کو شکست دے دی  

کرکٹ کی دنیا کے سب سے بڑے ایونٹ ورلڈکپ 2023 میں شرکت کے لیے ہونے والے کوالیفائر میچز میں زمبابوے نے ویسٹ انڈیز کو 35 رنز سے شکست دے دی۔  

ہرارے میں کھیلے گئے میچ میں زمبابوے کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آخری اوور کی پانچویں گیند پر 268 رنز بنا کرآل آؤٹ ہوگئی۔

سکندر رضا نے 58 گیندوں پر 68 رنز کی زبردست اننگز کھیلی، ریان بُرل نے پورے 50 رنز اسکور کیے۔ اُن کے علاوہ 47 رنز اوپنر کریگ ارون نے بنائے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے کیمو پال نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں ویسٹ انڈیز کے اوپنر کائل میئرز نے 56 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ مڈل آرڈر بیٹنگ میں روسٹن چیز 44، نکولس پورن 34 اور شائی ہوپ کے 30 رنز کے علاوہ کوئی اور بیٹر نمایاں کارکردگی نہ دکھا سکا۔

ویسٹ انڈیز کی ٹیم 45ویں اوور میں 233 رنز بنا آؤٹ ہوگئی اور اسے ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے کے لیے اہم میچ میں 35 رنز سے شکست ہوگئی۔ 

زمبابوے کی جانب سے ٹینڈائی چٹارا نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ رچرڈ گراوا، بلیسنگ موزاربانی اور سکندر رضا نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

ورلڈکپ کوالیفائر کے ایک اور میچ میں نیدرلینڈز نے نیپال کو باآسانی 7 وکٹوں سے ہرادیا۔

نیپال کی ٹیم 167 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔ وین بیک نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ نیدرلینڈز نے ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

اس جیت کے بعد نیدرلینڈز نے سپرسکسز میں جگہ بنالی ہے جبکہ ویسٹ انڈیز اور زمبابوے کی ٹیمیں بھی سپرسکسز میں اپنے میچز کھیلیں گی۔