news
English

نہیں معلوم کہ اعظم خان کو پاکستانی ٹیم میں کیوں شامل نہیں کیا جارہا، کولن منرو

بہت سے لوگ اعظم خان کے وزن پر اعتراض کرتے ہیں لیکن اگر وہ پاکستان کے بہترین بیٹرز میں سے ایک ہیں تو معلوم نہیں کیوں انہیں ٹیم میں شامل نہیں کیا جارہا، منرو

نہیں معلوم کہ اعظم خان کو پاکستانی ٹیم میں کیوں شامل نہیں کیا جارہا، کولن منرو

اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے پی ایس ایل کھیلنے والے نیوزی لینڈ کے جارحانہ مزاج رکھنے والے بلے بازر کولن منرو نے نوجوان وکٹ کیپر بیٹر اعظم خان کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں اس بات پر حیرت ہے کہ اعظم خان پاکستان ٹیم میں کیوں منتخب نہیں ہو رہے۔

اعظم خان نے گزشتہ روز نیشنل اسٹیڈیم میں 28 گیندوں پر 44 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں 1 چھکا اور 6 چوکے شامل تھے۔ اس دوران انہوں نے کولن منرو کے ساتھ شاندار شراکت داری بھی قائم کی۔

پریس کانفرنس کے دوران جب کولن منرو سے اعظم خان کی بیٹنگ کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ اعظم نے کمال کی بیٹنگ کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ انہیں سمجھ نہیں آتا کہ اعظم خان پاکستانی ٹیم میں کیوں نہیں کھیل رہے، ان کی اور بھی پلیئرز سے اس حوالے سے بات چیت ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بہت سے لوگ اعظم کے وزن پر اعتراض کرتے ہیں لیکن اگر وہ پاکستان کے بہترین بیٹرز میں سے ایک ہیں تو معلوم نہیں کیوں انہیں ٹیم میں شامل نہیں کیا جارہا۔

کولن منرو نے کہا کہ نیشنل اسٹیڈیم کی پچ پر اسلام آباد یونائیٹڈ کا بنایا گیا 175 اچھا اسکور تھا، کراچی کے حیدر نے اچھی بیٹنگ کی لیکن اسلام آباد کو اس کی حکمت عملی نے جیت سے ہمکنار کیا۔ ریسی ونڈر ڈوسن اور اعظم خان نے شاندار بیٹنگ کی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے پی ایس ایل کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہر کوئی کہتا ہے کہ پاکستان سپر لیگ میں فاسٹ بولنگ کا ٹیلنٹ شاندار ہے، کچھ بولرز تو ایسے ہیں جن کا سامنا کرتے ہوئے بیٹسمین گھبراتے ہیں۔

کولن منرو نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ ایک مشکل ٹورنامنٹ ہے کیوں کہ یہاں مختلف کنڈیشنز کا سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن اس بات میں کوئی شک نہیں کہ یہ دنیا کے بہترین ٹورنامنٹس میں سے ایک ہے۔