news
English

اے بی ڈی ویلیئرز نے پی ایس ایل میچزکیلیے پاکستان آنے کا اعلان کردیا

ڈی ویلیئرز نے کہا ہے کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں کردار ادا کرنا چاہتا ہوں

اے بی ڈی ویلیئرز نے پی ایس ایل میچزکیلیے پاکستان آنے کا اعلان کردیا PHOTO: AFP

جنوبی افریقا کے سابق کپتاناے بی ڈویلیئرز نے پی ایس ایل میچز کے لئے لاہور آنے کا اعلان کردیا۔

پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کرنے والے اسٹار کرکٹر اے بی ڈی ویلیئرز نے کہا ہے کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں کردار ادا کرنا چاہتا ہوں لہذا 9 اور 10 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم میں شیڈول میچز میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کے لئے تیار ہوں جب کہ پوری کوشش ہوگی کہ لاہور قلندرز کی فتوحات کے لئے پیاس بجھانے میں اپنا کردار ادا کروں۔

اے بی ڈی ویلیئرز نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کا جنون ہے، 2007 میں دورہ کی یادیں آج بھی تازہ ہیں، میرے لئے لاہور آنے کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں کچھ کردار ادا کر سکوں۔

دوسری جانب چیئرمین پی سی بی احسان مانی  اور لاہور قلندرز کے کپتان محمد حفیظ نے ڈی ویلیئرز کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسٹار کرکٹر  کی آمد سے نہ صرف شائقین میں بے پناہ جوش و خروش دیکھنے میں آئے گا بلکہ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے راستے کھولنے میں بھی مدد ملے گی۔