news
English

عابد علی ’’لیجنڈ‘‘ نام کی لاج رکھنے کیلیے پُرعزم

پریس کانفرنس میں عابد علی نے کہا کہ ساتھی کرکٹرز اور مینجمنٹ سب ہی لیجنڈ کہہ کر پکارتے ہیں

عابد علی ’’لیجنڈ‘‘ نام کی لاج رکھنے کیلیے پُرعزم تصویر: اے ایف پی

عابد علی ’’لیجنڈ‘‘ نام کی لاج رکھنے کیلیے پُرعزم ہیں، اوپنر کا کہنا ہے کہ ٹیم کو دباؤ سے نکالنے پر خوش ہوں،ڈومیسٹک کرکٹ میں طویل محنت کا صلہ مل گیا۔

پریس کانفرنس میں عابد علی نے کہا کہ ساتھی کرکٹرز اور مینجمنٹ سب ہی لیجنڈ کہہ کر پکارتے ہیں، یہ ایک بہت بڑا ٹائٹل ہے جس کی لاج رکھنے کی ہر ممکن کوشش کروں گا۔

انھوں نے کہا کہ سری لنکا کو 80رنز کی برتری ہونے کے سبب ہم پر خاصا دباؤ تھا، بڑی خوشی کی بات ہے کہ ٹیم کی ضرورت کے مطابق کھیلنے میں کامیاب رہے، اے ٹیم کی جانب سے یواے ای میں شان مسعود کے ساتھ بیٹنگ کا موقع ملا تھا،کافی افہام و تفہیم ہونے کی وجہ سے ایک بڑی شراکت قائم کرنے میں کامیاب ہوئے،آئندہ بھی کم غلطیاں کرتے ہوئے ملک کے لیے کارکردگی دکھانے کی کوشش کروں گا۔

انھوں نے کہا کہ ڈبل سنچری مکمل نہ کرپانے پر افسوس ہوا لیکن اس بات کی خوشی ہے کہ مشکل وقت میں ٹیم کے لیے کچھ کرپایا،ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پی ایس ایل فرنچائزز کی توجہ حاصل کرنے کی کوشش کروں گا۔

شان مسعود نے کہا کہ کیریئر کی پہلی سنچری بھی ساڑھے 4سال قبل سری لنکا کیخلاف بنائی تھی، دوسری اس لیے یادگار ہے کہ ہم دباؤ میں تھے،ملک میں 10سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی پر سیریز نہیں ہارنا چاہتے تھے۔

انھوں نے کہا کہ عابد علی کے ساتھ کھیلنے کا تجربہ ہونے کی وجہ سے رننگ میں بھی کوئی مسائل نہیں ہوئے اور ایک بڑی شراکت بنی، سب سے بڑی اوپننگ شراکت کے ریکارڈ کا علم تھا لیکن ایک اچھی گیند پر وکٹ گنوا دی، انھوں نے کہا کہ اچھی گیندوں پر ہمارے بولرز کو وکٹیں مل سکتی ہیں، سری لنکا کو 450کا ہدف دے کر فتح حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔