news
English

عابد علی کی فٹنس پر چھائے خدشات کے بادل چھٹ گئے

خیبرپختونخوا ٹیم ذرائع کے مطابق عابدعلی دبئی میں ہونیوالی انجری سے مکمل طور پر نجات پاچکے ہیں

عابد علی کی فٹنس پر چھائے خدشات کے بادل چھٹ گئے تصویر: اے ایف پی

لاہور: عابد علی کی فٹنس کے حوالے سے چھائے خدشات کے بادل چھٹ گئے۔

آسٹریلیا کیخلاف ون ڈے سیریز کے چوتھے میچ میں ڈیبیو کرتے ہوئے عابد علی نے شاندار سنچری جڑکر روشن مستقبل کی نوید سنائی لیکن پانچویں مقابلے میں جنید خان کی گیند پر شان مارش کا شاندار ڈائیونگ کیچ لینے کے دوران کہنی بڑی شدت کیساتھ زمین سے ٹکرائی، کندھے میں خاصی تکلیف کی وجہ سے انھیں میدان سے باہر جانا پڑا۔

فزیو نے انجری کا جائزہ لینے کے بعد طبی امداد دی، بعد ازاں بیٹنگ کیلیے آئے تو پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہوگئے، ڈریسنگ روم میں بھی انھیں بازو پر پٹی باندھے دیکھا گیا۔

عابد علی پاکستان ون ڈے کپ میں خیبرپختونخوا کی جانب سے فیڈرل ایریاز کی جانب سے ایکشن میں تھے لیکن ان کی اننگز20 رنز تک محدود رہی، دوسرا میچ جمعے کو پنجاب کیخلاف کھیلیں گے۔

خیبرپختونخوا ٹیم ذرائع کے مطابق عابدعلی دبئی میں ہونیوالی انجری سے مکمل طور پر نجات پاچکے ہیں، فزیو نے کوئی اسکین کروانے کی ضرورت بھی محسوس نہیں کی، اوپنر کندھے کی ہلکی پھلکی ورزش جاری رکھے ہوئے ہیں، بیٹنگ کے دوران کسی قسم کی تکلیف محسوس نہیں کررہے۔

یاد رہے کہ ورلڈکپ میں شرکت کے امیدوار 23پاکستانی کرکٹرز کے فٹنس ٹیسٹ 15اور 16اپریل کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ہونگے۔