مسٹری اسپنر نے انجری سے نجات پانے کیلئے ڈاکٹرز کی ہدایت پر عمل نہیں کیا، میڈیکل پینل کا انکشاف
دورہ آسٹریلیا کے دوران پرائم منسٹر الیون کے خلاف میچ میں انجری کا شکار ہونے والے مسٹری اسپنر ابرار احمد کے میڈیکل پینل کی جانب سے ہدایات کو نظر انداز کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسپنر ابرار احمد نے انجری کے بعد ڈاکٹرز کی جانب سے دی گئی ہدایات پر عمل نہیں کیا جس کی وجہ سے وہ دورہ نیوزی لینڈ سے باہر ہوئے۔
اسپنر ابرار احمد عرق النسا ( شیاٹکا) نامی بیماری کا شکار ہیں، جس کی وجہ سے ٹانگوں میں درد، کھنچائو اور جھنجھناہٹ محسوس ہوتی ہے۔ انہیں آئی سی سی ورلڈکپ 2023 کے دوران پہلی بار اپنے دائیں کولہے میں تکلیف ہوئی تھی، جس پر ان کا فوری ٹیسٹ کروایا گیا تھا اور بیماری کی تشخیص ہوئی تھی۔
میڈیکل پینل نے ابرار احمد کو بیماری سے نجات دلانے کیلئے پلان ترتیب دیا تھا تاہم کرکٹر نے اس پر عمل نہیں کیا۔
واضح رہے کہ ابرار احمد اِن دنوں نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) میں اپنی انجری پر قابو پانے کی کوشش کررہے ہیں جبکہ وہ دورہ نیوزی لیںڈ سے بھی باہر ہوچکے ہیں۔
پاکستان او رنیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان سیریز کا آغاز 12 جنوری سے ہوگا۔