news

عمادوسیم پرجان بوجھ کر پرفارم نہ کرنے کے الزام نے گلکرسٹ کوبرہم کردیا

سلیم ملک کے تبصروں نے آسٹریلوی لیجنڈ ایڈم گلکرسٹ کے ردعمل کو جنم دیا، جنہوں نے ان الزامات پر طنزیہ تبصرہ کیا۔

عمادوسیم پرجان بوجھ کر پرفارم نہ کرنے کے الزام نے گلکرسٹ کوبرہم کردیا

سابق آسٹریلوی کرکٹر ایڈم گلکرسٹ نے عماد وسیم پر جان بوجھ کر ناقص کارکردگی کا الزام لگانے پر سابق پاکستانی کرکٹر سلیم ملک کو تنقید کے نشانے پر رکھ لیا۔ 
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے سابق کرکٹر سلیم ملک نے عماد وسیم پر بھارت کے خلاف حالیہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میچ کے دوران جان بوجھ کر ڈیلیوریز ضائع کرنے کا الزام لگایاتھا۔ سلیم ملک نے عماد وسیم کی سست بیٹنگ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ اسکور کرنے کے لیے خطرہ مول لینے سے زیادہ اپنی اوسط بڑھانے کو ترجیح دیتے ہیں۔ 
سلیم ملک کے تبصروں نے آسٹریلیوی لیجنڈ ایڈم گلکرسٹ کی طرف سے ردعمل کو جنم دیا، جنہوں نے ان الزامات پر طنزیہ تبصرہ کیا۔ 
گلکرسٹ نے کہا کہ "پاکستان کے سابق کرکٹرز کے ایک گروپ نے پاکستانی ٹیم کو ہرحال میں تنقید کا نشانہ بنانے کی روش اپنا رکھی ہے۔ میرا مطلب ہے سلیم ملک، ان تمام لوگوں میں سے ایک ہیں، میں صرف تبصرے پڑھ رہا ہوں اور پیرا فریسنگ کر رہا ہوں اور میں نے انہیں یہ کہتے ہوئے نہیں سنا، لیکن اگر میں نے انہیں سنا تو یہ میرے فائدے میں نہیں تھا کیونکہ یہ اردو میں ہے، انہوں نے عماد (وسیم) پر ڈیلیوریز کو جان بوجھ کر ضائع کرنے کا الزام لگایا۔ اب مجھے نہیں معلوم کہ اس کے ساتھ کوئی اور الزام بھی ہے یا نہیں۔‘‘ 
یہاں یہ بات قابل غور ہے کہ سلیم ملک، جو ایک زمانے میں نامور کھلاڑی تھے، پر 2000 میں میچ فکسنگ کے الزامات میں ملوث ہونے کی وجہ سے تاحیات پابندی عائد کر دی گئی تھی، اس اسکینڈل میں آسٹریلوی کرکٹرز شین وارن، مارک وا اور ٹم مے پربھی الزامات عائد کیے گئے تھے۔