news
English

’’شاہین نے ٹائٹل جیت کر چیلنج دیا، میرے پاس بھی پرانی بندوقیں موجود ہیں‘‘

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان و چیف سلیکٹر شاہد آفریدی نے لاہور قلندرز کو پی ایس ایل 8 کا فائنل جیتنے پر مبارکباد دی ہے۔

’’شاہین نے ٹائٹل جیت کر چیلنج دیا، میرے پاس بھی پرانی بندوقیں موجود ہیں‘‘

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں ایڈیشن میں شاہین آفریدی کی قیادت میں لاہور قلندرز نے گزشتہ روز ملتان سلطانز کو ایک رن سے شکست دے کر دوسری بار ٹائٹل اپنے نام کرلیا، اُسی وقت لیجنڈز لیگ میں ایشیا لائنز نے انڈیا مہاراجہ کو شکست دیکر ٹورنامنٹ سے باہر کرتے ہوئے فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا ہے۔

شعیب اختر نے سماجی رابطے کی سائٹ فیس بُک پر شاہد آفریدی کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے سوال کیا کہ شاہین آفریدی کی قیادت میں لاہور نے ٹائٹل جیت لیا ہے، جس پر آفریدی نے جواب دیا کہ انہیں مبارک ہو، اب ہمیں بھی فائنل جیتنا ہے۔ 

انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ شاہین نے ٹائٹل جیت کر ہمیں چیلینج دے دیا ہے، میرے پاس تمام پرانی بندوقیں موجود ہیں لیکن سب چلتی ہیں۔ جس پر شعیب اختر نے مصباح الحق کی طرف دیکھتے ہوئے سوال کیا کہ کل میچ میں انہیں بیٹنگ پر کیوں نہیں بھیجا؟ جس پر شاہد آفریدی نے جواب دیا کہ وہ مشکل وقت کے پلئیر ہیں جب چیزیں صحیح ہوتی ہیں تو انہیں بھیجا جاتا ہے۔