احسان اللہ کی کہنی کاآپریشن کرایا گیا ہے جس کے بعد وہ چار سے پانچ ماہ تک آرام کریں گے اور کرکٹ سے دور رہیں گے۔
پاکستانی ٹیم کے پیسر نسیم شاہ کے بعد ایک اور فاسٹ بولر احسان اللہ بھی ان فٹ ہوکر کرکٹ کے میدان سے دور ہوگئے ہیں۔
چیف سلیکٹر انضمام الحق کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) نے لاہور میں احسان اللہ کی کہنی کاآپریشن کرایا ہے جس کے بعد وہ 4 سے 5 ماہ کے لیے ریسٹ پر ہیں، اس دوران وہ آرام کریں گے اور کرکٹ سے دور رہیں گے۔
قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے بتایا کہ کچھ ماہ قبل احسان اللہ دائیں ہاتھ کی کہنی کی تکلیف میں مبتلا ہوئے تھے تاہم اس سب کے باوجود پی سی بی میڈیکل پینل نے انہیں بولنگ کی اجازت دے دی تھی۔
گذشتہ کچھ عرصے کے دوران احسان اللہ قومی اکیڈمی میں ویٹ ٹریننگ کرتے رہے جس سےمرض بگڑ گیا، انگلینڈ کے ڈاکٹروں نے احسان اللہ کی رپورٹس دیکھ کر فریکچر کا بتایا جس کے بعد لاہور میں احسان اللہ کی کہنی کا آپریشن کرایا گیا۔
احسان اللہ کو آپریشن کے بعد اسپتال سے فارغ کردیا گیا ہے اور وہ ری ہیب میں مصروف ہیں، ورلڈ کپ اسکواڈ کا حصہ نہ بننے والے احسان اللہ کی آسٹریلیا کی ٹیسٹ سیریز اور پی ایس ایل میں واپسی بھی مشکلات کا شکار ہوگئی ہے۔