news
English

احمد شہزاد پر ماری جوانا استعمال کرنے کا الزام

یہ اطلاعات بھی گردش میں ہیں کہ انھوں نے مبینہ طور پر ماری جوانا کا استعمال کیا تھا،

احمد شہزاد پر ماری جوانا استعمال کرنے کا الزام PHOTO: AFP

 لاہور:  احمد شہزاد پر ماری جوانا استعمال کرنے کا الزام سامنے آگیا۔

احمد شہزاد کا ڈوپ ٹیسٹ ایک ڈومیسٹک میچ کے دوران لیا گیا تھا جو مثبت آنے پر اوپنر کو تادیبی کارروائی کا سامنا ہے، پی سی بی کا کہنا ہے کہ ایک کھلاڑی کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آیا تھا لیکن نام رپورٹ سامنے آنے کے بعد بتایا جائے گا۔

ذرائع سے تصدیق ہوچکی کہ گرفت میں آنے والے کرکٹر احمد شہزاد ہی ہیں، یہ اطلاعات بھی گردش میں ہیں کہ انھوں نے مبینہ طور پر ماری جوانا کا استعمال کیا تھا، ممنوعہ دوا یا نشہ آور اشیاکے استعمال پر حتمی بیان کرکٹ بورڈ کو جاری کرنا ہے، احمد شہزاد کو وضاحت کا موقع بھی دیا جائے گا اور اگر الزام ثابت ہوگیا تو انھیں 3ماہ تک کرکٹ سے دور رہنا ہوگا۔

دوسری طرف پاکستان کو یکم سے 8جولائی تک زمبابوے میں شیڈول سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شرکت کرنا ہے،گذشتہ دونوں ایک انٹرویو میں ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے آؤٹ آف فارم ہونے کے باوجود احمد شہزاد کو مزید مواقع دینے کا عندیہ دیا تھا لیکن موجودہ صورتحال میں ان کا ٹیم کے ہمراہ جانا مشکل نظر آرہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گذشتہ روز ہیڈ کوچ کی چیف سلیکٹرانضمام الحق کے ساتھ میٹنگ میں احمد شہزاد کا معاملہ بھی زیر غور آیا،ڈسپلن کے حوالے سے انتہائی سخت رویہ رکھنے والے مکی آرتھر ایک بگڑے بچے عمر اکمل کی چھٹی کرا چکے،اس لیے احمد شہزاد کو بھی ڈراپ کیے جانے کا امکان روشن ہوگیا ہے، ان کی جگہ شان مسعود کو شامل کیے جانے کا امکان ہے۔

ویسٹ انڈیز سے کراچی میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تینوں میچز میں فخرزمان کے ساتھ بابر اعظم نے اننگز کا آغاز کیا اور کامیاب بھی رہے لیکن بازو میں فریکچر کی وجہ سے ان کی ٹرائنگولر سیریز میں شرکت مشکوک ہے۔