انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی، سری لنکا کی آمد اہم قدم قرار
سعید اجمل نے سری لنکن ٹیم کی پاکستان آمد کو انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کی جانب اہم قدم قرار دے دیا۔
پاکستان کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ www.cricketpakistan.com.pk کے پروگرام ’’ٹاک کرکٹ‘‘ میں میزبان سلیم خالق سے بات چیت کرتے ہوئے سعید اجمل نے کہا کہ میرا ون ڈے ڈیبیو کراچی میں بھارت کیخلاف ایشیا کپ میں ہی ہوا تھا، اس اسٹیڈیم کے ساتھ خوشگواریادیں وابستہ ہیں، بڑی خوشی کی بات ہے کہ 2009میں دہشت گردی کا نشانہ بننے والی سری لنکن ٹیم ہی دوبارہ ہمارے میدان آباد کرنے کیلیے آئی ہے۔ ملکی شائقین، سوشل میڈیا،سابق کرکٹرز اور صحافیوں سب کو مہمان کرکٹرز کی بھرپور حوصلہ افزائی کرنا چاہیے۔
انھوں نے کہا کہ مشکل وقت میں پاکستان فوج نے سری لنکا کا ساتھ دیا،پی سی بی نے سری لنکن بورڈ کو بھرپور معاونت فراہم اور کرکٹ جاری رکھنے میں اہم کردار ادا کیا،اب آئی لینڈرز بھی ہمیں سپورٹ کرنے کیلیے آئے ہیں۔ یہ ہمارے لیے بڑی خوشی کی بات ہے، ہمیں نہیں دیکھنا چاہیے کہ کون سے کرکٹرز آئے اتنا ہی کافی ہے کہ ایک انٹرنیشنل ٹیم کھیلنے کیلیے آئی ہے۔
سعید اجمل نے کہا کہ پاکستانی کرکٹ کے دیوانے اور 10سال سے بین الاقوامی مقابلوں کو دیکھنے کے منتظر ہیں، ویسٹ انڈیز کی ٹیم آچکی، سری لنکنز بھی پہلے لاہور آئے تھے،پی ایس ایل کے میچز بھی ہو چکے،ہمیں دنیا اور آئی سی سی کو بتانا ہے کہ اب بڑی ٹیمیں بھی یہاں کھیلنے کیلیے آئیں۔
ایک سوال پر سعید اجمل نے کہا کہ چند سری لنکن کرکٹرز کے پاکستان آنے سے انکار پر مایوسی ہوئی،ان کے بورڈ کو انھیں یہاں کے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کے بارے میں بتانا چاہیے تھا،ہمیں حکومتی سطح پر بھی کوشش کرنا چاہیے تھی، بہرحال جو بھی ٹیم آئی اس کی بھرپور حوصلہ افزائی ہونی چاہیے،شائقین اپنی ٹیم کے ساتھ مہمانوں کو بھی بھرپور سپورٹ کریں۔