news
English

پاکستان کے نوجوان کھلاڑی راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر سے متاثر

انڈر19 میں کھیلنے والے پیسر اختر شاہ ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کے خواہش مند

پاکستان کے نوجوان کھلاڑی راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر سے متاثر PHOTO: PCB/ESPN

انڈر 19 میں کھیلنے والے فاسٹ بالر اختر شاہ کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان کے سابق تیز ترین بالر شعیب اختر سے بہت متاثر ہیں۔

پی سی بی کی طرف سے پیش کردہ ایک ویڈیو میں اختر شاہ نے اپنے ان خیلات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنے کیریئر کی ابتدا سے ہی راولپنڈی ایکسپریس سے متاثر رہے اور ان کی پیروی کرتے ہوئے فاسٹ بالنگ سے کرکٹ کھیلنے کا آغاز کیا۔

اختر شاہ کا کہنا ہے کہ وہ شعیب اختر کی طرح کے زبردست فاسٹ بالر بننا چاہتے ہیں۔ ان کے مطابق انہوں نے کرکٹ کا آغاز ٹیپ بال سے کیا اور آہستہ آہستہ ہارڈ بال کی طرف آئے۔ ان کے لیے یہ خوشی کا مقام ہے کہ اپنی انتھک محنت کے باعث وہ پاکستان کی انڈر 19 ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ مستقبل میں ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرنا چاہتے ہیں۔

اختر شاہ کا کہنا تھا کہ سری لنکا کے خلاف انڈر 19 میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے انہوں نے 9 اعشاریہ 3 اوورز میں صرف 19 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جسے وہ اپنی اب تک کی سب سے زبردست پرفارمنس سمجھتے ہیں۔ 

پاکستانی ٹیم انڈر 19 ایشیا کپ کی بھرپور تیاری کررہی ہے جو کہ 5 ستمبر سے لے کر 14 ستمبر تک سری لنکا میں کھیلا جائے گا۔

اس ٹورنامنٹ کے گروپ اے میں پاکستانی ٹیم کو بھارت، افغانستان اور کویت کے ساتھ شامل کیا گیا ہے۔ پاکستانی ٹیم کولمبو کے لیے 3 ستمبر کو روانہ ہوگی۔

اسکواڈ:

روحیل نیازی (اسلام آباد، کپتان اور وکٹ کیپر) حیدر علی ( راولپنڈی، وائس کیپٹن) عامر علی (لاڑکانہ) ابوحریرا( ڈی ایم جمالی) عبد الوہاب بنگلزئی (کوئٹہ) اخترشاہ (کوئٹہ) فہد منیر( لاہور) محمد عامر (پشاور) محمد عباس آفریدی(فاٹا) محمد باسط علی(ملتان) محمد حارث (پشاور) محمد عرفان خان( فیصل آباد) محمد وسیم جونیئر(فاٹا) نسیم شاہ (لاہور) اور قاسم اکرم (لاہور)

ریزروز:

جہانزیب سلطان( کراچی) صائم ایوب( کراچی) سید رضا الحسن (حیدرآباد) شیراز خان( راولپنڈی) زمان خان( اے جے کے)