news
English

سب انفرادی ریکارڈ بنانے کے لیے کھیل رہے تھے، کامران اکمل

کامران اکمل نے پاکستان کی آئرلینڈ کے خلاف پہلے ٹی 20 میچ میں شکست کے بعد قومی کھلاڑیوں کو 'انفرادی ریکارڈ' بنانے کے لیے کھیلنے پر کڑی تنقید کا نشانہ بنایا

سب انفرادی ریکارڈ بنانے کے لیے کھیل رہے تھے، کامران اکمل

جمعہ کو ڈبلن میں ہونے والے پہلے ٹی 20 میچ میں آئرلینڈ نے پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی۔ قومی ٹیم کے سابق وکٹ کیپر بیٹر کامران اکمل نے پاکستان کی آئرلینڈ کے خلاف پہلے ٹی 20 میچ میں شکست کے بعد قومی کھلاڑیوں کو 'انفرادی ریکارڈ' بنانے کے لیے کھیلنے پر کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’آئرلینڈ کے ہاتھوں شکست کی وجہ پلیئرز کی اپنے انفرادی ریکارڈز کو ترجیح دینا تھا، کھلاڑیوں کو ٹیم کے بارے میں سوچنا چاہیے اور اگر حالات ایسے ہی رہے تو ہم آگے بھی ہارتے رہیں گے۔،، 
تفصیلات کے مطابق ٹیم پاکستان کے سابق وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل نے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں پر ذاتی مقاصد کو ترجیح دینے کا الزام لگادیا۔ ان کے شدید الفاظ پر مبنی تبصرے اس وقت سامنے آئے جب آئرلینڈ نے کلونٹرف کرکٹ کلب، ڈبلن میں پہلے ٹی 20 میں بابر اعظم اینڈ کمپنی کو پانچ وکٹوں سے شکست دی۔ انہوں نے اپنے یوٹیوب چینل پر کہا کہ جب ہم اچھی کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے تو ہم بہتر ہوں گے، کھلاڑیوں کو ٹیم کے بارے میں مل کر سوچنا چاہیے اور اگر حالات ایسے ہی رہے تو ہم اگلے میچز میں بھی ہارتے رہیں گے۔،،
انہوں نے مزید کہا کہ "میں دیکھ رہا ہوں کہ کھلاڑی ذاتی اہداف کو ترجیح دے رہے ہیں جو کہ ٹیم کے لیے اچھا نہیں ہے۔ ٹیم انتظامیہ جلد ہی اس کی نشاندہی کرے گی۔"
واضح رہے کہ آئرلینڈ نے پاکستان کو پہلے ٹی 20 میچ میں 5 وکٹوں سے شکست دی اور 183 رنز کا ہدف ایک گیند قبل ہی حاصل کرلیا۔
پاکستان کے خلاف 2007ء کے ون ڈے ورلڈ کپ کے بعد یہ آئرلینڈ کی پہلی اور کسی بھی فارمیٹ میں صرف دوسری کامیابی تھی۔ میچ کے بعد بابر نے شکست کی وجہ خراب بولنگ اور فیلڈنگ کو قرار دیا۔ میچ کے بعد بات کرتے ہوئے بابر اعظم کا کہنا تھا کہ پہلے 6 اوورز میں ہمارا آغاز اچھا نہیں تھا، پچ تھوڑی دو رفتار تھی اور اس میں کچھ اچھال تھا۔ اس کے بعد ہم اچھا کھیلے اور 182 رنز بنائے لیکن میرے خیال میں 190 اچھا سکور تھا۔ مجھے لگتا ہے کہ ہم اسی وجہ سے ہار گئے۔ بولنگ اور فیلڈنگ میں ہم نے اپنے منصوبوں پر عمل نہیں کیا اور میدان میں کچھ خرابیاں ہوئیں جس کی قیمت ہمیں چکانی پڑی۔،،