news
English

پی ایس ایل 9 میں ایک بار پھرعلی ظفر کی آواز گونجنے کا امکان

ذکا اشرف کے بورڈ سے جانے پر صورتحال میں ڈرامائی تبدیلی آ گئی۔

پی ایس ایل 9 میں ایک بار پھرعلی ظفر کی آواز گونجنے کا امکان

پاکستان میں کرکٹ کی سب سے بڑی لیگ، ایچ بی ایل پی ایس ایل کے نویں ایڈیشن میں علی ظفر کی آواز گونجنے کا امکان روشن ہوگیا۔ 
ایچ بی ایل پی ایس ایل میں ابتدائی تینوں سیزنز کے ترانے علی ظفر نے گائے تھے،2018 میں ان پر ساتھی گلوکارہ میشا شفیع نے ہراسگی کا الزام لگایا جس سے ان کا کیریئر شدید متاثر ہوا، تب سے انھیں دوبارہ پی ایس ایل کا ترانا گانے کا موقع بھی نہیں مل پایا، علی ظفر پر الزام ثابت نہیں ہو سکا لیکن ان کی شخصیت پر ایک داغ لگ گیا جو لاکھ کوشش کے باوجود ابھی تک صاف نہیں ہوسکا۔ 
پی سی بی نے رواں برس پی ایس ایل 9 کے لیے علی ظفر کی آواز میں تین اینتھم ریکارڈ کروائے، ان میں سے ایک منتخب بھی ہوگیا،البتہ بات جب پی ایس ایل فرنچائزز تک پہنچی تو ایک خاتون آفیشل نے اعتراض اٹھادیا، ان کا کہنا تھا کہ ماضی کے واقعے کی وجہ سے علی ظفر کو لیگ سے دوبارہ منسلک کرنا درست نہیں، اس سے لیگ کی ساکھ متاثر ہوگی۔ 

اس بات کو جواز بنا کر بورڈ نے علی ظفر کو پروجیکٹ سونپنے کا ارادہ تبدیل کر دیا تھا، ذکا اشرف نے ان کے ساتھ معاہدے پر دستخط نہیں کیے، البتہ اب چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی کے جانے سے حالات تبدیل ہوتے نظر آ رہے ہیں۔ 
موجودہ آفیشلز کا خیال ہے کہ چونکہ علی ظفر پر الزام ثابت نہیں ہوا لہذا انھیں موقع دینے میں کوئی حرج نہیں ہے، صورتحال آئندہ چند روز میں واضح ہو جائے گی۔