بورڈ حکام سے خاصے قریب ایک سابق کرکٹر نے مہیلا جے وردنے کا نام پیش کر دیا
کوچ مکی آرتھر نے پی سی بی کو پیشکش کی ہے کہ مزید2 سال کیلیے ٹیم حوالے کرو اور پھر کمال دیکھو۔
مکی آرتھر نے اس دوران کسی پاکستانی کو بطور نائب ساتھ رکھنے کا بھی کہا ہے تاکہ اسے گروم کر سکیں، دوسری جانب قومی کرکٹرز آرتھر سے خوش نہیں اور باہمی اعتماد کا فقدان نظر آتا ہے، ادھر بورڈ حکام سے خاصے قریب ایک سابق کرکٹر نے کوچنگ کیلیے سابق سری لنکن اسٹار مہیلا جے وردنے کا نام پیش کر دیا، البتہ ان کا آئی پی ایل سے بڑا معاہدہ ہے اور پاکستان انھیں اتنی بڑی رقم نہیں دے سکتا۔
تفصیلات کے مطابق مکی آرتھر نے پی سی بی سے کہا ہے کہ انھیں مزید2 سال کیلیے ذمہ داریاں سونپ دی جائیں، اس دوران وہ ٹیم کو بہتر بنا دیں گے، انھوں نے یہ بھی تجویز دی کہ کسی پاکستانی کو ان کا نائب بنایا جائے تاکہ وہ ساتھ رہ کر سیکھتے رہے اور پھر جب وہ جائیں تو کوچنگ سنبھال لے۔
دوسری جانب قومی کرکٹرز آرتھر سے خوش نہیں اور باہمی اعتماد کا فقدان نظر آتا ہے،ان کے مطابق مشکل وقت میں کوچ نظریں پھیر لیتے ہیں اور کام نہیں آتے، کرکٹ بورڈکوچ کے تقرر میں سینئر کرکٹرز سے مشاورت کا بھی سوچ رہا ہے،ایسے میں مکی آرتھر کو زیادہ حمایت ملنا دکھائی نہیں دیتا، اگر ذرائع کی اس بات کو سچ مان لیا جائے کہ کوچ نے نئے کپتان کے تقرر کی تجویز دے دی تو یہ سرفراز احمد کیلیے بہت بڑا دھچکا ہے جنھوں نے ہمیشہ آرتھر کی بات کو مانا اور محاذ آرائی سے گریز کرتے رہے۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ کے معاملات میں ان دنوں خاصے متحرک ایک سابق کرکٹر نے بورڈ کو تجویز دی کہ وہ کسی ایسے کوچ کا تقرر کرے جسے تینوں طرز کی کرکٹ کھیلنے کا تجربہ حاصل ہو،جدید کرکٹ کے تقاضوں کو سمجھنے کی وجہ سے وہ ٹیم کے بہت کام آئے گا،اس حوالے سے سابق سری لنکن اسٹار مہیلا جے وردنے کا نام پیش کردیا گیا،البتہ ان کا آئی پی ایل فرنچائز ممبئی انڈینز سے بہت بڑا معاہدہ ہے، پی سی بی انھیں اتنی بڑی رقم دینے کی پوزیشن میں نہیں لگتا۔