news
English

آسٹریلیا ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کا نیا چیمپئن بن گیا

مچل مارش کو مین آف دی میچ اور ڈیوڈ وارنر کو مین آف دی سیریز قرار دیا گیا

آسٹریلیا ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کا نیا چیمپئن بن گیا

 دبئی: نیوزی لینڈ کو 8 وکٹ سے شکست دے کر آسٹریلیا ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کا نیا چیمپئن بن گیا۔ 

دبئی میں کھیلے گئے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سب سے بڑے اور آخری معرکے میں نیوزی لینڈ نے کپتان کین ولیمسن کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹ کے نقصان پر 172 رنز بنائے جس کے جواب میں آسٹریلیا نے مطلوبہ ہدف ایک اوور پہلے ہی صرف 2 وکٹ کے نقصان پر پورا کرلیا۔

آسٹریلیا کے آل راؤنڈر مچل مارش کو مین آف دی میچ سے نوازا گیا جب کہ ڈیوڈ وارنر کو ٹورنامنٹ میں 289 رنز بنانے پر مین آف دی سیریز سے نوازا گیا۔

آسٹریلیا کی جانب سے کپتان ایرون فنچ 5 رنز کے مہمان ثابت ہوئے لیکن ڈیوڈ وارنر اور مچل مارش نے 92 رنز کی اہم شراکت قائم کرکے میچ نیوزی لیںڈ سے دور لے گئے، دونوں بلے بازوں نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔

ڈیوڈ وارنر 53 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تاہم مچل مارش وکٹ پر ڈٹے رہے اور 77 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جب کہ گلین میکسوئل بھی 28 رنز پر ناقابل شکست رہے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے دونوں وکٹیں ٹرینٹ بولٹ نے حاصل کیں۔

اس سے قبل آسٹریلیا کی کپتان ایرون فنچ نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ کیویز کی جانب سے سیمی فائنل کے ہیرو ڈیرل مچل بڑے معرکے میں ناکام رہے اور صرف 11 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے۔ گلین فلپس 18 رنز کی اننگز کھیلنے میں کامیاب رہے۔

مارٹن کپٹل بھی بیٹنگ کے دوران بہت مشکل میں دکھائی دیے اور 35 گیندوں پر صرف 28 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد آؤٹ ہوئے تاہم کپتان کین ولیمسن نے جارحانہ انداز اپنائے رکھا اور اپنی نصف سنچری مکمل کی، وہ 48 گیندوں پر 85 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ نے زبردست بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کیوی بلے بازوں کو خوب پریشان کیے رکھا اور 3 وکٹیں بھی حاصل کیں جب کہ ایک وکٹ ایڈم زمپا کے حصے میں آئی