اچھا کھیل رہا تھا مگر وقت سے پہلے آئوٹ ہوگیا، افسوس ہے کہ میچ فنش نہیں کرسکا، اعظم خان کی میچ کے بعد گفتگو
قومی ٹیم کے نوجوان وکٹ کیپر بیٹراعظم خان نے ٹی20 فارمیٹ میں بیسٹ میچ فنشر کے لئے سابق بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی کو فیورٹ قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق وکٹ کیپر بیٹر نے بھارتی کرکٹر کا نام منتخب کرکے فینز کو حیران کردیا۔ کرکٹ کی معروف ویب سائٹ کے لیے سوشل میڈیا پر دلچسپ سوال وجواب کے سیشن میں اعظم خان سے پوچھا گیا کہ کس پلئیر کو وہ بیسٹ میچ فنشر سمجھتے ہیں، جس کے لئے انہیں کئی آپشنز دیئے گئے۔
پہلے آپشن میں اعظم خان سے عبدالرزاق اور جوز بٹلر کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے عبدالرزاق کا نام لیا، میکسویل اور رزاق میں سے انہوں نے میکسویل جبکہ کوہلی کے بارے میں سوال کے جواب میں انہوں نے میسکویل کو چنا اور دلیل دی کہ بھارتی کرکٹر ٹی20 میں بطور اوپنر کھیلتے ہیں۔
بعدازاں آندرے رسل اور میکسویل میں سے انہوں نے رسل کو منتخب کیا جبکہ ڈی ویلیرز اور دھونی میں انہوں نے سابق بھارتی کپتان کو گریٹ اور بیسٹ میچ فنشر کہا۔
دلچسپ سوال وجواب کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل 9 میں اعظم خان اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کررہے ہیں، گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں انہوں نے 30 گیندوں پر 75 رنز کی زبردست اننگز کھیلی تھی تاہم وہ ٹیم کو میچ جتوانے میں کامیاب نہیں ہوسکے تھے۔ اعظم خان نے میچ ختم کرنے کا موقع ضائع کرنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اپنی اننگز پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اچھا کھیل رہا تھا مگر بدقسمتی سے وقت سے پہلے آئوٹ ہوگیا، افسوس ہے کہ میچ فنش نہیں کرسکا۔