news
English

ٹریننگ انجری کے بعد اعظم خان کی نیوزی لینڈ سیریز میں شرکت غیریقینی

اعظم خان میڈیکل ٹیم کی قریبی نگرانی میں ہیں، جو ان کی حالت پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔

ٹریننگ انجری کے بعد اعظم خان کی نیوزی لینڈ سیریز میں شرکت غیریقینی

قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر اعظم خان کو نیٹ میں بیٹنگ کرتے ہوئے دائیں گھٹنے اور دائیں پنڈلی کے پٹھوں میں تکلیف کا سامنا کرنا پڑا تھا، پاک نیوزی لینڈ سیریز میں ان کی شرکت کے بارے میں فیصلہ ریڈیولوجی رپورٹس کے نتائج کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ 
تفصیلات کے مطابق دائیں گھٹنے اور دائیں پنڈلی کے پٹھوں میں تکلیف کا سامنا کرنے کے بعد نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان کی ٹی 20 سیریز میں وکٹ کیپر بیٹر اعظم خان کی شرکت مشکوک ہوگئی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اعظم خان کی دستیابی کے بارے میں فیصلہ کرنے سے پہلے ان کی ریڈیولوجی رپورٹس کے نتائج کا انتظار کر رہا ہے۔ پی سی بی نے ایک بیان میں کہا کہ "بدھ کےروز تربیتی سیشن کے دوران اعظم خان کو نیٹ میں بیٹنگ کرتے ہوئے اپنے دائیں گھٹنے اور دائیں پنڈلی کے پٹھوں میں تکلیف محسوس ہوئی تھی۔ انہیں فوری طور پر طبی امداد اور علاج معالجہ فراہم کیا گیا۔"
پی سی بی نے مزید کہا کہ “اعظم خان اس وقت میڈیکل ٹیم کی نگرانی میں ہیں اور نیوزی لینڈ کے خلاف آئندہ میچوں میں ان کی شرکت کے بارے میں فیصلہ ریڈیولوجی رپورٹس کے نتائج سامنے آنے کے بعد کیا جائے گا۔ اس حوالے سے پی سی بی مناسب وقت پر مزید اپ ڈیٹس فراہم کرے گا۔"
واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ آج شام سات بجے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔