news
English

شاہینوں نے کیویز کو دبوچ لیا، دوسرے ٹی 20 میں پاکستان فاتح

نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان کی زبردست جیت کے بعد بابراعظم اورمحمد عامر کا ردعمل، عامر نے دباؤ کو تسلیم کرتے ہوئے انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کے بارے میں اپنے جذبات کا اظہار کیا۔

شاہینوں نے کیویز کو دبوچ لیا، دوسرے ٹی 20 میں پاکستان فاتح

راولپنڈی میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو باآسانی 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔ 
بائیں ہاتھ کے بولر شاہین شاہ آفریدی اور تیزگیندباز محمد عامر نے شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچ وکٹیں حاصل کیں، جس نے نیوزی لینڈ کی بیٹنگ لائن اپ کو ہلا کر رکھ دیا کیونکہ کیوی کرکٹرز راولپنڈی میں ہونے والے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں محض 90 رنز پر آؤٹ ہو گئے۔ 
شاہین آفریدی نے 3-13 کے اعداد و شمار کے ساتھ بولنگ اٹیک کی قیادت کی، جبکہ محمد عامرجو تقریباً چار سال بعد انٹرنیشنل کرکٹ میں واپس آئے ہیں،صرف 13 رنز کےعوض 2 وکٹیں لے اڑے۔ 
نیوزی لینڈ کا 91 رنز کا ہدف پاکستان نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 12.1 اوورز میں ہی حاصل کرلیا، محمد رضوان 45 اور عرفان خان نیازی 18 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ 
پاکستان کی جانب سے صائم ایوب اور بابر اعظم نے اننگز کا آغاز کیا، صائم ایوب محض 4 اور بابراعظم 14 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جبکہ عثمان خان 7 رنز بناکر پویلین لوٹے۔ 
نیوزی لینڈ کی طرف سے مچل بریسویل، بین لیسٹر اور اش سوڈھی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ 
قبل ازیں پہلی اننگز میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 18.1 اوور میں 90 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ نیوزی لینڈ کا کوئی بھی بیٹر پاکستانی بولرز کے سامنے نہ ٹک سکا، مارک چیپمین 19 رنز کے ساتھ کیویز کے ٹاپ اسکورر رہے۔ کول میکونچی نے 15، فوکس کرافٹ نے 13 جبکہ ٹمز سیفرٹ نے 12 رنز بنائے، جیکب ڈفی 8 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، نیوزی لینڈ کا باقی کوئی کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہوسکا۔
شاہین شاہ آفریدی نے 3جبکہ محمد عامر، ابرار احمد اور شاداب خان نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ نسیم شاہ کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔ 
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستانی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ 
یاد رہے کہ پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ بارش کی وجہ سے بے نتیجہ رہا تھا۔ پاکستان کو سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔
نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان کی زبردست جیت کے بعد بابراعظم اورمحمد عامر نے اپنا ردعمل ظاہر کیا جبکہ محمد عامر نے ٹیم کو جتوانے کے دباؤ کو تسلیم کرتے ہوئے انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کے بارے میں اپنے جذبات وخیالات کا اظہار کیا۔ 
عامر نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کے بعدیقینا دباؤ ہے جس کو تسلیم کرتے ہوئے اور اپنے ساتھی کھلاڑیوں، خاص طور پر شاہین اور بابر کو ان کی حمایت کا کریڈٹ دیا۔ 
انہوں نے کہا کہ جب آپ اپنے ملک کے لیے کھیل رہے ہوتے ہیں، تو آپ اس احساس کی وضاحت نہیں کر سکتے۔ یقیناً دباؤ تھا کیونکہ میں 4 سال بعد واپس آ رہا تھا۔ عامر نے کہا کہ اس کا کریڈٹ ٹیم کے دیگر لڑکوں، شاہین اور بابر کو جاتا ہے، جس طرح انہوں نے مجھے اعتماد دیا۔ 
کپتان بابراعظم نے میچ کا ابتدائی مومینٹم ترتیب دینے میں بولنگ کی کارکردگی کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس گراؤنڈ پر پہلے چھ اوورز میں ٹون سیٹ کرنا بہت ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نسیم، شاہین اور عامر نے جس طرح سے بولنگ کی وہ شاندار تھی اور ہمیں ابتدائی وکٹیں حاصل کرنے میں مدد ملی جس سے کامیابی کی راہ ہموار ہوئی۔،، 

نیوزی لینڈکا اسکواڈ: 
مائیکل بریسویل (کپتان)، مارک چیپ مین، جیکب ڈفی، ڈین فاکس کرافٹ، بین لِسٹر، کول میک کونچی، جیمز نیشم، ٹم رابنسن، بین سیئرز، ٹم سیفرٹ (وکٹ کیپر)، ایش سودھی۔ 
پاکستان کا اسکواڈ: 
بابراعظم (کپتان)، صائم ایوب، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، عثمان خان، افتخار احمد، محمد عرفان خان، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، محمد عامر، ابرار احمد۔