news
English

بابراعظم نیوزی لینڈ کیخلاف پہلے ٹیسٹ سے باہر، 17 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان

محمد رضوان ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کریں گے، عمران بٹ کی پہلی بار قومی ٹیم میں شمولیت

بابراعظم نیوزی لینڈ کیخلاف پہلے ٹیسٹ سے باہر، 17 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان فوٹو: آئی سی سی

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم اور اوپنر امام الحق انگوٹھے کی انجری کے باعث نیوزی لینڈ کے خلاف 26 دسمبر سے شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ سے باہر ہوگئے ہیں۔  

نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے لیے 17 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم اور اوپنر امام الحق انگوٹھے کی انجری کے باعث پہلے ٹیسٹ کے لیے دستیاب نہیں ہیں، بابراعظم کی عدم دستیابی کے باعث اسکواڈ کے  نائب کپتان محمد رضوان ہفتے سے شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ میں قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت کریں گے۔ وہ کرکٹ کے سب سے اہم فارمیٹ میں پاکستان کی قیادت کرنے والے 33ویں کپتان ہوں گے۔

ٹور سلیکشن کمیٹی نے اوپنر عمران بٹ کو 17 رکنی قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کرلیا ہے۔عمران بٹ کو پہلی مرتبہ قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

17 رکنی قومی اسکواڈ؛

محمد رضوان (پہلے ٹیسٹ کیلیے کپتان)، سرفراز احمد، شاداب خان، عابد علی، اظہرعلی، شان مسعود، فواد عالم، سہیل خان، یاسر شاہ، محمد عباس، عمران بٹ، حارث سہیل، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، فہیم اشرف شامل ہیں۔

عمران بٹ؛

بلوچستان کرکٹ ٹیم کے اوپنر عمران بٹ نے نیوزی لینڈمیں ٹیم کو جوائن کرنے سے قبل ملک میں جاری قائداعظم ٹرافی فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ کے 3 میچوں میں 191 رنز بنائے تھے۔ 24 سالہ  بیٹسمین  نےگزشتہ سال کھیلی گئی قائداعظم ٹرافی میں سب سے زیادہ 934 رنز بنائے تھے۔ 62 سے زائد کی اوسط سے رنز بنانے والے عمران بٹ نے ٹورنامنٹ میں 4 سنچریاں اور 3 نصف سنچریاں بنائیں۔

شیڈول؛

پہلا ٹیسٹ؛ ماؤنٹ منگنوئی، 26 تا 30 دسمبر

دوسرا ٹیسٹ؛ کرائسٹ چرچ، 3 تا 7 جنوری 2021

واضح رہے گزشتہ ہفتے کوئنز ٹاؤن میں ٹریننگ کے دوران گیند لگنے سےبابر اعظم کے  دائیں  ہاتھ کا انگوٹھا جبکہ امام الحق کے بائیں ہاتھ کا انگوٹھا فریکچر ہوگیا تھا، دونوں کھلاڑیوں نے تاحال نیٹ پریکٹس کا آغاز نہیں کیا تاہم پی سی بی کا میڈیکل پینل مسلسل ان دونوں کھلاڑیوں کی انجری کامعائنہ کررہا ہے جب کہ دونوں کھلاڑیوں کی 3 جنوری سے کرائسٹ چرچ میں شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں شرکت کا فیصلہ مناسب وقت پر کیا جائے گا۔