news
English

بابر اعظم نے ویرات کوہلی سے ایک اور اعزاز چھین لیا

بابر اعظم نے ایک اور ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے

بابر اعظم نے ویرات کوہلی سے ایک اور اعزاز چھین لیا فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کپتان بابر اعظم نے بھارتی کپتان ویرات کوہلی سے کم میچز میں 2000 ٹی ٹوینٹی رنز بنانے کا بھی ریکارڈ چھین لیا۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز اور کپتان بابر اعظم نے ایک اور ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے، اور وہ ٹی 20 کرکٹ میں تیز ترین 2000 رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔

بابر اعظم نے تیز ترین 2000 رنز بنانے کا ہدف اپنی 52 ویں اننگز میں حاصل کرکے روایتی حریف بھارت کے مایہ ناز کپتان ویرات کوہلی کا ریکارڈ توڑا ہے، کوہلی نے 56 اننگز میں 2000 رنز بنا کر یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔

واضح رہے کہ پاکستانی کپتان بابر اعظم کو آئی سی سی نے اپنی عالمی ون ڈے رینکنگ میں پہلا نمبر دیا تھا، جس کے  بعد بابر اعظم سابق پاکستانی ٹیسٹ کرکٹر محمد یوسف ، ظہیر عباس اور جاوید میاں داد کے بعد نمبر ون بننے والے چوتھے پاکستانی بن گئے، جب کہ پاکستانی کپتان نے نمبر ون بلے باز بن کر بھارتی کپتان ویرات کوہلی کی 5 سال سے قائم بادشاہت کاخاتمہ کیا تھا، بھارتی کپتان 2017 سے ون ڈے بیٹنگ میں نمبر ون پوزیشن پر قابض تھے۔