news
English

پاکستان نے چوتھے ٹی ٹوئنٹی میں جنوبی افریقا کو شکست دیکر سیریزاپنے نام کرلی

پاکستان نے مطلوبہ ہدف بمشکل ایک گیند قبل 7 وکٹ کے نقصان پر پورا کیا

پاکستان نے چوتھے ٹی ٹوئنٹی میں جنوبی افریقا کو شکست دیکر سیریزاپنے نام کرلی فوٹو: پی سی بی

پاکستان نے جنوبی افریقا کو چوتھے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 3 وکٹ سے شکست دے کر سیریز 1.-3 سے اپنے نام کرلی۔ 

جنوبی افریقا کے شہر جوہانسبرگ میں کھیلے گئے سیریز کے چوتھے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں قومی بولرز کی جاندار بولنگ کی بدولت جنوبی افریقا کی پوری ٹیم آخری اوور میں 144 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان نے مطلوبہ ہدف بمشکل ایک گیند قبل 7 وکٹ کے نقصان پر پورا کیا۔

قومی ٹیم کی جانب سے محمد رضوان اور کپتان بابراعظم نے اننگز کا آغاز کیا، محمد رضوان کھاتہ کھولے بغیر دوسری ہی گیند پر پویلین واپس لوٹ گئے جس کے بعد فخرزمان بیٹنگ کے لیے آئے اور بابراعظم کے ساتھ ملکر 91 رنز کی قیمتی شراکت قائم کی۔

فخرزمان 34 گیندوں پر 60 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلنے کے بعد آؤٹ ہوئے جس میں 5 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے جب کہ بابراعظم 24 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین واپس لوٹے۔ محمد حفیظ 10، حیدر علی 3، آصف علی 5 اور فہیم اشرف 7 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

اس سے قبل پاکستانی کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے میزبان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ جنوبی افریقا کی جانب سے یانیمن ملان اور ایڈن مارکرم نے اننگز کا آغاز کیا تاہم مارکرم اس اننگز میں اچھا کھیل پیش نہ کرسکے اور 11 رنز پر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے تاہم ملان نے وان ڈار ڈاسن کے ساتھ ملکر 57 رنز کی اچھی شراکت قائم کی۔

وان ڈار ڈاسن نے اپنی نصف سنچری اسکور کی اور 52 رنز پر آؤٹ ہوگئے جب کہ ملان 33 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے جس کے بعد جنوبی افریقا کا کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل نہیں ہوسکا۔

کپتان ہیرنک کلاسن 9، جارج لنڈے 3، ویان ملڈر 6، ایڈنلے فلیکائیو 1، سسانڈا مگالا 7، فورٹوئن 8 اور تبریز شمسی کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ ہوئے۔ قومی ٹیم کی جانب سے فہیم اشرف اور حسن علی نے 3،3 جب کہ حارث رؤف نے 2 اور شاہین آفریدی، محمد نواز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔