news
English

سب مل کر محنت کریں گے تو ورلڈ کپ جیتنا مشکل نہیں، اعظم صدیقی

سب کو بھائی سمجھنا،تم11 بھائیوں نے مل کر دنیا فتح کرنی ہے، بابراعظم کے والد کا بیٹے کو مشورہ۔

سب مل کر محنت کریں گے تو ورلڈ کپ جیتنا مشکل نہیں، اعظم صدیقی

قومی کرکٹر بابراعظم کو کپتان بنائے جانے کے بعد ان کے والد اعظم صدیق نے بیٹے کو دوبارہ قیادت ملنے پر خداوند کریم کا شکرادا کیا۔
سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ہم سجدہ شکر ادا کرتے ہیں کہ بابر کو دوبارہ قومی ٹیم کی کپتانی ملی اور سب سے بڑی بات کہ احباب اختیار نے عزت اور تحریم دی، یہ بھی اللہ کے بڑے کرموں میں شامل ہے۔
اعظم صدیق نے کہا کہ اب باز گشت سنائی دے رہی ہے کہ ٹیم میں اتفاق ہو گا کیا؟ تو بابر کو میں نے کہا ہے کہ کس نے کیا کہا اور کیا، سب بھول جائو، میں نے بابر سے کہا کہ عامر اور عماد تم سے بڑے بھی ہیں اور کھیل میں سینئرز بھی ہیں، ان سے چھوٹے بن کے ملنا اور دل سے عزت و احترام دینا اور ان کی رائے کا بھی احترام کرنا۔ انہوں نے بابراعظم کو مزید مشورہ دیا کہ سب کو بھائی سمجھنا اوریادرکھنا کہ تم 11 بھائیوں نے مل کے دنیا فتح کرنی ہے، بہت سے لوگ بول رہے ہیں کہ یہ نہیں ہوگا لیکن ایسا انشااللہ ہوگا کیوں کہ اللہ رحیم کریم اور اسباب کا مالک ہے، وہی دلوں کو سخت اور نرم کرتا ہے، بشرطیکہ آپ کا قبلہ و کعبہ درست ہو، پاکستان زندہ باد۔
واضح رہے کہ گزشتہ ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی ناقص پرفارمنس کے بعد بابراعظم نے 15 نومبرکو تینوں فارمیٹس میں قومی ٹیم کی قیادت سے استعفیٰ دے دیا تھا، بابراعظم کے استعفے کے بعد شاہین شاہ آفریدی کو ٹی20 جب کہ شان مسعود کو ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقررکیا گیا تھا، شاہین آفریدی نے صرف نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی20 سیریز میں قومی ٹیم کی قیادت کی جس میں گرین شرٹس کو ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا تاہم اس ایک سیریز کے بعد ہی انہیں قیادت کے منصب سے ہٹادیا گیا ہے۔