news
English

بابراعظم ٹی20 کرکٹ میں کم اننگز میں 10 ہزاررنزبنانے والے بلے باز

قومی ٹیم کے سابق کپتان اور اسٹائلش بلے باز بابراعظم اب تک ٹی ٹونٹی کرکٹ کے 281 میچز کی 271 اننگز میں 43.90 کی اوسط سے 10009 رنز اسکور کرچکے ہیں۔

بابراعظم ٹی20 کرکٹ میں کم اننگز میں 10 ہزاررنزبنانے والے بلے باز

بابر اعظم ٹی ٹونٹی کرکٹ میں کم اننگز کھیل کر 10 ہزار رنز بنانے والے بیٹر بن گئے۔ 
تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم نے ٹی ٹونٹی کرکٹ میں کم ترین اننگز میں 10 ہزار رنز مکمل کرنے والے بلے باز کا اعزاز اپنے نام کرلیا ہے۔
بابراعظم نے پی ایس ایل 9 میں پشاور زلمی کی جانب سے کراچی کنگز کے خلاف کھیلے جانے والے میچ میں یہ کارنامہ سرانجام دیا۔ وہ اب تک ٹی ٹونٹی کرکٹ کے 281 میچز کی 271 اننگز میں 43.90 کی اوسط سے 10009 رنز اسکور کرچکے ہیں۔ 
کراچی کنگز کے خلاف میچ سے قبل اس سنگ میل کوعبور کرنے کے لیے بابراعظم کو صرف چھ رنز درکار تھے جو انھوں نے کامیابی کے ساتھ پورے کرلیے۔ بابر اعظم اپنے کیریئر کے دوران اب تک 19 مختلف ٹیموں کے لیے ٹی ٹونٹی کرکٹ کھیل چکے ہیں۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ ویسٹ انڈیز کے سابق کرکٹر کرس گیل کے پاس تھا جنہوں نے 285 اننگز میں یہ کارنامہ سرانجام دیا تھا۔ 
بھارتی بلے باز ویرات کوہلی 299 اننگز میں یہ کارنامہ انجام دے کر اس فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں جبکہ ڈیوڈ وارنر 303 اننگز میں 10 ہزار مکمل کرکے چوتھے، سابق آسٹریلین بیٹر ایرون فنچ 327 اننگز میں یہ کارنامہ انجام دے کر 5 ویں جب کہ انگلینڈ کے جوڑ بٹلر 350 اننگز میں 10 رنز مکمل کرکے اس فہرست میں چھٹے نمبر پر براجمان ہیں۔ 
واضح رہے کہ پی ایس ایل 9 کے چھٹے میچ میں کراچی کنگز نے پشاور زلمی کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ڈبل ہیڈر کے دن پہلا میچ دوپہر 2 بجے جبکہ دوسرا شام 7 بجے شروع ہوگا۔ رمضان المبارک کے دوران ہونے والے میچز رات 9 بجے شروع ہوں گے ۔ ایک ماہ تک چلنے والے اس ایونٹ میں 34 میچز کھیلے جائیں گے جس کے پہلے مرحلے کے میچز لاہور اور ملتان میں کھیلے جائیں گے جبکہ دوسرے مرحلے کے میچز کی میزبانی کراچی اور راولپنڈی کریں گے۔ 
اس کےعلاوہ پی ایس ایل کے فائنل میچ کی میزبانی بھی اس مرتبہ کراچی کو دی گئی ہے، ایونٹ کے 34 میچوں میں سے 7 ڈبل ہیڈر ہوں گے۔ دفاعی چیمپئن لاہور قلندر کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ ہماری نظریں تیسری بار ٹائٹل جیتنے پرمرکوزہیں۔ 
ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان کہتے ہیں کہ ہم ملتان میں اپنے ہوم گراؤنڈ سے شروع کر رہے ہیں، سیزن کو شروع کرنے کا اس سے بہتر کوئی اور طریقہ نہیں ہے۔ پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ اس سیزن میں چیمپئن بننے کیلئے تیار ہیں۔