news
English

بابراعظم کی اے بی ڈی ویلیئرز کے ساتھ گفتگو کی ویڈیو وائرل

اپنی گفتگو کے دوران، بابر اعظم نے میگا ایونٹ کے لیے اپنی ٹیم کے بلند حوصلے اور اعتماد کا اظہار کیا۔

بابراعظم کی اے بی ڈی ویلیئرز کے ساتھ گفتگو کی ویڈیو وائرل

قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی سابق جنوبی افریقی بلے باز اے بی ڈیویلیئرز سے گفتگو کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔ 
سابق جنوبی افریقی بیٹر اے بی ڈیولیرز نے اپنے یوٹیوب چینل پر بابر اعظم سے باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی اور ان سے کیریئر اور ٹی 20 ورلڈ کپ کی تیاریوں کے بارے میں پوچھا۔ جس پر بابراعظم نے ورلڈکپ 2024 میں ٹیم کے بلند حوصلہ اور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سینئیرز اور جونیئرز کا اچھا کمبینیشن ہے کوشش کریں گے میگا ایونٹ میں اچھے کھیل کا مظاہرہ کریں۔،، 
اے بی ڈیویلیئرز نے کپتان بابر سے پوچھا کہ کیا وہ 40 سال کی عمر تک کھیلنے کا ارادہ رکھتے ہیں؟ 
جواب میں بابر اعظم نے کہا کہ سچ کہوں تو مجھے علم نہیں کہ کب تک کھیلوں گا لیکن ابھی اپنے کھیل کو انجوائے کررہا ہوں۔،، 
واضح رہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 میں پاکستانی ٹیم اپنا پہلا میچ 6 جون کو میزبان امریکا کے خلاف کھیلے گی، 9 جون کو روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں نیویارک میں مدمقابل آئیں گی۔ 
پاکستان اور کینیڈا کے درمیان میچ 11 جون کو کھیلا جائے گا جبکہ گرین شرٹس اپنا آخری گروپ میچ 16 جون کو آئرلینڈ کے خلاف کھیلیں گے۔ 
قومی ٹیم کے 15 رکنی اسکواڈ میں بابر اعظم (کپتان)، محمد رضوان، نسیم شاہ، صائم ایوب، ابرار احمد، اعظم خان، فخر زمان، حارث رؤف، افتخار احمد، عماد وسیم، محمد عباس آفریدی، محمد عامر، شاہین شاہ آفریدی اور عثمان خان شامل ہیں۔