news
English

ای سی بی نے انگلینڈ میں موجود پاکستانی ٹیم کوسیکیورٹی افسران فراہم کردیے

اضافی سیکیورٹی کا مقصد کھلاڑیوں کو جاری سیریز کے دوران محفوظ ماحول فراہم کرنا ہے، ای سی بی

ای سی بی نے انگلینڈ میں موجود پاکستانی ٹیم کوسیکیورٹی افسران فراہم کردیے

انگلینڈ میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کے واقعے کے بعد ای سی بی نے پاکستانی ٹیم کو سیکیورٹی افسران فراہم کر دیے، ای سی بی (انگلینڈ کرکٹ بورڈ) کا کہنا ہے کہ اضافی سیکیورٹی کا مقصد کھلاڑیوں کو جاری سیریز کے دوران محفوظ ماحول فراہم کرنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کے ساتھ شائقین کے ہجوم میں بدمزگی کے واقعے کے بعد ای سی بی نے پاکستانی ٹیم کی سیکورٹی میں اضافہ کرتے ہوئے اسپیشل سیکیورٹی افسران فراہم کر دیے ہیں۔  
انگلینڈ اور ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سربراہ محسن نقوی کی درخواست پر پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہمراہ دو اضافی سیکیورٹی افسران تعینات کر دیے ہیں، جیسا کہ ایک مقامی نیوز چینل نے رپورٹ کیا ہے۔ یہ اقدام اس واقعے کے بعد کیا گیا ہے جس میں مداحوں نے پاکستان کے کپتان بابر اعظم کو سیلفیز اور آٹوگرافز کے لیے گھیر لیا، جس سے کپتان بابر بھی تھوڑا پریشان نظر آئے، جس کے نتیجے میں کچھ ناخوشگوار ویڈیوز آن لائن گردش کرنے لگیں۔ 
ای سی بی کا کہنا ہے کہ یہ اضافی سیکیورٹی اہلکار کھلاڑیوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے ذمہ دار ہوں گے، خاص طور پر جب وہ اپنے ہوٹل سے باہر جائیں گے تو یہ افسران ان کے ساتھ رہیں گے۔ یہ فیصلہ کارڈف میں ایک واقعے کے بعد لیا گیا، جہاں بابراعظم نے مداحوں کی جانب سے جارحانہ توجہ کے باعث برہمی کا اظہار کیا جب وہ اپنی ٹیم کے ساتھ ممکنہ طور پر پریکٹس سیشن کے لیے جا رہے تھے۔ 
اضافی سیکیورٹی کا مقصد ایسے واقعات کو روکنا اور کھلاڑیوں کو جاری سیریز کے دوران محفوظ ماحول فراہم کرنا ہے۔ 
یہ بات قابل ذکر ہے کہ انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان تیسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کارڈف میں مسلسل بارش کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا۔ جس کے بعد انگلینڈ کو سیریز میں ایک میچ کی برتری حاصل ہے، پہلا میچ بھی بارش کے باعث منسوخ کردیا گیا تھا جبکہ منگل کے روز سیریز کا تیسرا میچ مسلسل بارش کے باعث ایک گیند کے بغیر ہی منسوخ کرنا پڑا۔ 
اس سے قبل برطانیہ کے مقامی میڈیا نے رپورٹ کیا تھا کہ ٹیم پاکستان کے کپتان بابراعظم برطانیہ میں شائقین کے گھیراؤ پر پریشان ہوگئے اور شائقین کے ہجوم کو ہٹانے کے لیے سیکیورٹی اہلکار کو حکم دے دیا، کارڈف میں انگلینڈ سے تیسرے ٹی20 میچ کے موقع پر پاکستانی کپتان کو دیکھ کر شائقین قریب آگئے اور ان کے ساتھ سیلفیز لینے اور ملنے کی درخواست کرنے لگے، جس سے بابربھی پریشان ہوگئے۔ 
انھوں نے تلخ لہجہ اپناتے ہوئے قریب  آنے والے کچھ پرستاروں سے کہا کہ ’’سر پر مت چڑھو‘‘ بابراعظم کے ساتھ حفاظت کے لیے 2 سیکیورٹی اہلکار بھی موجود تھے، ان سے بابر نے شائقین کو دور ہٹانے کے لیے کہا تاہم بعد ازاں انھوں نے کچھ پرستاروں کی اپنے ساتھ تصاویربنانے کی درخواست قبول بھی کرلی۔