news
English

ٹی 20 ورلڈکپ: بھارت کے ہاتھوں شکست، بابراعظم نے وجہ بتادی

پاکستان ورلڈ کپ میں پے در پے دو شکستوں کے بعد نیویارک میں منگل کو کینیڈا کے مدمقابل آئے گا۔

ٹی 20 ورلڈکپ: بھارت کے ہاتھوں شکست، بابراعظم نے وجہ بتادی

ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 میں بھارت کے ہاتھوں عبرتناک شکست پرکپتان بابر اعظم نے بلے بازوں کو ذمے دار قرار دے دیا، کہتے ہیں کہ ہم سے بہت غلطیاں ہوئیں،ہم اپنی غلطیوں پرغور کریں گے۔ 
تفصیلات کے مطابق نیویارک کے ناساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں گروپ اے کی ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے پاک بھارت میچ میں شکست کے بعد گفتگو کرتے ہوئے بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ہم سے آخری اوورز میں بہت غلطیاں ہوئیں۔ ہماری بولنگ بہت اچھی رہی، ہم نے بھارت کو 120رنز تک محدود رکھا لیکن ہمارے بلے بازوں نے بہت گیندیں ضائع کیں جس سے پریشر بڑھا۔
کپتان بابراعظم کا کہنا تھا کہ بہت زیادہ ڈاٹ بالز ہونے کی وجہ سے بلے باز دباؤ میں آگئے، یکے بعد دیگرے وکٹیں گرنے سے ہم پر کافی پریشر آیا۔ 
انہوں نے کہا کہ ہمیں اس بات کا احساس ہے کہ آخری اوورز میں بہت غلطیاں کیں، سوچا تھا کہ پہلے6اوور اچھےکھیل لیے تو ہدف آسانی سے حاصل کرلیں گے۔ 
اپنی گفتگو میں کپتان بابراعظم کا مزید کہنا تھا کہ اننگز کے بقیہ دس اوورز میں اچھی بیٹنگ نہیں ہوسکی، ہمیں آئندہ دو میچوں میں اچھی کارکردگی کی امید ہے۔ 
واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اہم میچ میں بلے بازوں کی لاپروائی، غیر ذمے داری اور غفلت نے پاکستان کو بھارت کے خلاف جیتا ہوا میچ ہروا دیا، قومی ٹیمم کو 6 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ 
گرین شرٹس 120 رنز کا ہدف بھی حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ پاکستانی بیٹرز ایک بار پھر بھارت کے خلاف ڈھیرہوگئے، بابر اعظم، افتخار احمد، عثمان خان، شاداب خان اور عماد وسیم میچ میں بری طرح ناکام ثابت ہوئے۔
پاکستانی بیٹرز مسلسل سست بیٹنگ کی وجہ سے آخری اوورز میں دباؤ کا شکار ہوکر باؤنڈریز لگانا ہی بھول گئے۔
پاکستان کو شکست دینے کے بعد بھارت گروپ اے میں 4 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر آگیاہے جبکہ پاکستان ٹیم مسلسل دو میچز میں شکستوں کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر چوتھے نمبر پرچلی گئی ہے۔