news
English

پاور ہٹنگ کے لیے بابراعظم آسٹریلوی کوچ شینن ینگ سے مشورے لینے لگے

ینگ کی تکنیکوں کو آسٹریلیا کے ابھرتے ہوئے اوپنر جیک فریزر میک گرک نے اپنی دھماکہ خیز بیٹنگ کی صلاحیت کا سہرا دیا ہے۔

پاور ہٹنگ کے لیے بابراعظم آسٹریلوی کوچ شینن ینگ سے مشورے لینے لگے

بابر اعظم نے لاہور میں ملاقات کے دوران آسٹریلوی کوچ شینن ینگ سے پاور ہٹنگ کے بارے میں مشورہ طلب کرلیا۔ نئے آسٹریلین اوپنر جیک فریزر میگرک اپنی پاور ہٹنگ کا سارا کریڈٹ شینن ینگ کو دیتے ہیں، شینن ینگ میکسویل اور لبوشین کی بھی پاور ہٹنگ کی کوچنگ کرتے ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے وائٹ بال کے کپتان بابر اعظم نے حال ہی میں لاہور کے اپنے نجی دورے کے دوران آسٹریلیا کے پاور ہٹنگ اسپیشلسٹ شینن ینگ سے ملاقات کی ہے۔ یہ ملاقات ایک مقامی کرکٹ کلب میں ہوئی جہاں بابر اعظم نے ینگ سے اپنی پاور ہٹنگ کی صلاحیتوں کو بڑھانے میں مہارت حاصل کرنے کے لیے ،شورے طلب کیے۔
گلین میکسویل اور مارنس لیبوشگین جیسے آسٹریلوی اسٹارزکے ساتھ اپنے کام کے لیے مشہور شینن ینگ نے کھلاڑیوں کے اسٹرائیک ریٹ کو زیادہ سے زیادہ کرنے میں اپنی کوچنگ کے لیے تعریف حاصل کی ہے۔ 
آسٹریلیا کے ابھرتے ہوئے اوپنر جیک فریزر میک گرک نے اپنی دھماکہ خیز بلے بازی کی صلاحیت کا کریڈٹ بھی شینن ینگ کو دیا ہے۔ آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان کی ناکام مہم کے بعد، بابر اعظم نے نیویارک میں اپنے قیام کو بڑھادیاتھا تاکہ ذاتی فٹنس اور تربیت پر پوری توجہ مرکوز کی جا سکے۔ 
غور طلب ہے کہ مین ان گرین کی ٹی20 ورلڈ کپ مہم انتہائی مایوس کن رہی۔ گرین شرٹس کو شریک میزبان امریکہ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد روایتی حریف بھارت کے خلاف بھی ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔ 
کینیڈا اور آئرلینڈ کے خلاف اپنے آخری دو میچ جیتنے کے باوجود یہ اگلے راؤنڈ میں جانے کے لیے کافی نہیں تھا، جس کے نتیجے میں گرین شرٹس میگا ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے۔
پاکستان اب اگست اور ستمبر کے درمیان شیڈول دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے بنگلہ دیش کی میزبانی کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔ آئندہ ٹیسٹ سیریز بھی جاری آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ سائیکل کا حصہ ہے۔